خرم شیرزمان

الیکشن کمیشن کی جانب سے کسی بھی قسم کی ناانصافی قبول نہیں کرینگے، خرم شیرزمان

کراچی (رپورٹنگ آن لائن ) پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے کسی بھی قسم کی ناانصافی قبول نہیں کرینگے۔ کراچی لیاری حلقہ این اے 246 میں چئیرمن پی ٹی آئی عمران خان کے کاغذات نامزدگی چیلنج کرنے کے معاملے پر خرم شیر زمان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کا عمران خان کے کاغذات چیلنج کرنا واضح ہے ان پر خوف طاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی پی کے گڑھ لیاری میں عمران خان کے چاہنے والوں کی تعداد زیادہ ہے جس کی وجہ سے مخالفین اپنی شکست سے خوفزدہ ہیں، گھبرائی سہمی ہوئی مخالف پارٹیاں لیاری سے ایک بار پھر منہ کی کھائیں گی۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے کسی بھی قسم کی ناانصافی قبول نہیں کریں گے، الیکشن کمیشن کے پاس خود پر غیر جانبداری کی مہر ہٹانے کا آخری موقع ہے۔

کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 246 کے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے گئے۔ سابق وزیراعظم عمران خان کے کاغذات نامزدگی سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے جمع کرائے۔ اس کے علاوہ عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر پی ٹی آئی رہنما شکور شاد نے کورننگ امیدوار کے طور پر کاغذات جمع کرائے ہیں۔ یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں پر ضمنی الیکشن خود لڑنے کا اعلان کیا ہے۔