ڈاکٹر عشرت العباد خان 8

ڈاکٹر عمر چھاپرا کا انتقال، عالمِ اسلام اور پاکستان ایک عظیم معاشی مفکر سے محروم ہوگئے ہیں، ڈاکٹر عشرت العباد

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)سابق گورنر سندھ اور میری پہچان پاکستان کے روحِ رواں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ممتاز پاکستانی نژاد سعودی ماہرِ معاشیات، اسلامی اقتصادیات کے نامور اسکالر اور عالمی شہرت یافتہ دانشور ڈاکٹر محمد عمر چھاپرا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی وفات پاکستان، سعودی عرب اور پورے عالمِ اسلام کے لیے بڑا نقصان ہے۔

اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عمر چھاپرا نے تقریبا چھ دہائیوں تک سعودی عرب میں معاشی پالیسی سازی، بینکاری اور مالیاتی اصلاحات میں کلیدی کردار ادا کیا اور اسلامی معاشیات کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں تاریخی خدمات انجام دیں۔ڈاکٹر عشرت العباد کے مطابق ڈاکٹر عمر چھاپرا کی تصانیف، تحقیقی کام اور فکری ورثہ آئندہ نسلوں کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم علم، دیانت اور خدمتِ انسانیت کی روشن مثال تھے اور نوجوان ماہرینِ معاشیات کے لیے ایک ادارے کی حیثیت رکھتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عمر چھاپرا سعودی عربین مانیٹری ایجنسی کے پہلے پاکستانی افسر تھے اور شاہ فیصل کے دور میں سعودی بینکاری و مالیاتی نظام کی تشکیل میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں شاہ فیصل انٹرنیشنل پرائز اور سعودی شہریت سے بھی نوازا گیا۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی علمی خدمات ہمیشہ زندہ رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں