سندھ ہائی کورٹ 18

افغان قرار دے کر جائیداد سیل کرنے پر توہین عدالت کی درخواست

کراچی (رپورٹنگ آن لائن) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے شہری کو افغان قرار دے کر اس کا پیٹرول پمپ اور فارم ہاؤس سیل کیے جانے کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر ملیر اور ڈپٹی کمشنر جنوبی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 3 اگست تک جواب طلب کر لیا۔

درخواست گزار احمد شاہ کے وکیل علی طاہر نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کو افغان شہری قرار دے کر اس کا پیٹرول پمپ اور ملیر میں واقع فارم ہاؤس سیل کیا گیا، حالانکہ عدالت پہلے ہی پیٹرول پمپ اور کیٹل فارم ڈی سیل کرنے کا حکم دے چکی ہے۔وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ فارم سیل ہونے کے باعث وہاں موجود جانور انتہائی خراب حالت میں ہیں۔

اس موقع پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت طلب کی، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ “کتنی مہلت دیں، کیا جانور مر جائیں پھر جواب دیں گے؟”سرکاری وکیل نے بتایا کہ معاملے پر کام جاری ہے اور کچھ مزید وقت درکار ہے۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں