لاہورہائیکورٹ

اسموگ کے تدارک سے متعلق غفلت برداشت نہیں کریں گے ‘ لاہورہائیکورٹ

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد کریم نے کہا ہے کہ اسموگ کے تدارک سے متعلق غفلت برداشت نہیں کریں گے ۔فاضل عدالت نے یہ ریمارکس اسموگ کے تدارک کے لیے کیس کی سماعت کے دوران دئیے ۔ چیئرمین ماحولیاتی کمیشن جسٹس (ر)علی اکبر قریشی کی جانب سے فوکل پرسن سید کمال حیدر نے عدالت میں رپورٹ جمع کرائی ۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محکمہ زراعت کی جانب سے اسموگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں، پنجاب میں 5ہزار مقامات پر فصلوں کی باقیات کو آگ لگائی گئی ،فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ،محکمہ زراعت کی جانب سے عدالتی احکامات پر عمل نہیں کیا جارہا ،محکمہ زراعت نے صرف 47مقدمات درج کروائے ۔

رپوٹ میں استدعا کی گئی ہے کہ سیکرٹری زراعت کو اس سلسلہ میںاحکامات جاری کیے جائیں ۔ فاضل عدالت نے محکمہ زراعت کو کمیشن کی سفارشات پر من و عن عمل کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ اسموگ کے تدراک سے متعلق غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ۔ فاضل عدالت کی جانب سے چیئرمین ماحولیاتی کمیشن جسٹس (ر)علی اکبر قریشی کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔