کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار شان بیگ اور ماڈل سے اداکارہ بننے والی روما مائیکل نے خاموشی سے شادی کرلی۔ اس خوشخبری کا اعلان شان بیگ نے سوشل میڈیا کے ذریعے کیا، جہاں انہوں نے اپنی اہلیہ روما مائیکل کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی، جس پر Wifey کا اسٹیکر بھی نمایاں تھا۔ بعد ازاں روما مائیکل نے بھی یہی تصویر اپنے انسٹاگرام اکانٹ پر شیئر کرکے اس خبر کی تصدیق کردی۔
شادی کی خبر سامنے آتے ہی مداحوں، شوبز شخصیات اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے مبارکباد اور نیک تمنائوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ روما مائیکل نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر موصول ہونے والے متعدد مبارکبادی پیغامات بھی شیئر کیے، جن میں ان کی خوشحال ازدواجی زندگی کے لیے دعائیں کی گئیں۔اس خوشخبری کے کچھ ہی دیر بعد شان بیگ نے ایک تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے مداحوں اور میڈیا سے اپنی نجی زندگی کا احترام کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی سابقہ اہلیہ سے طلاق کا عمل کافی عرصہ پہلے مکمل ہوچکا تھا اور دونوں اپنی اپنی زندگی میں آگے بڑھ چکے ہیں۔
اداکار کے مطابق اب انہوں نے امید، خوشی اور شکرگزاری کے ساتھ زندگی کے ایک نئے باب کا آغاز کیا ہے۔شان بیگ نے اپنے پیغام میں لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ماضی کو ماضی رہنے دیں اور افواہوں، قیاس آرائیوں یا غیر ضروری موازنوں سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ان کی تمام تر توجہ اپنی نئی ازدواجی زندگی، خاندان، بطور والد اپنی ذمہ داریوں اور مستقبل پر مرکوز ہے۔









