اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات امور خیبرپختونخوا اختیار ولی خان نے سعودی عرب کے مفتیِ اعظم شیخ عبد العزیز بن عبد الله الشیخ کے انتقال پرگہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا انتقال امت مسلمہ کے لئے ایک بڑا سانحہ ہے، مرحوم کی علمی خدمات اور دینِ اسلام کی ترویج و اشاعت کے لئے ان کی لازوال جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔
اختیار ولی خان نے کہا کہ مفتی اعظم کو حج کے خطبات پیش کرنے کا منفرد اعزاز حاصل رہا،آپ کی شخصیت امتِ مسلمہ کے اتحاد اور رہنمائی کی علامت تھی،حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام دکھ کی اس گھڑی میں اپنے سعودی بھائیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اختیار ولی خان نے مرحوم کے درجات کی بلندی، مغفرت اور اہلخانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔









