مراد علی شاہ 10

ابتدائی طبی امداد کسی بھی ہنگامی صورتحال میں قیمتی جان بچانے کا پہلا ذریعہ ہے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ابتدائی طبی امداد کسی بھی ہنگامی صورتحال میں قیمتی جان بچانے کا پہلا ذریعہ ہے، حادثے یا اچانک طبی ہنگامی صورتحال میں بروقت ابتدائی طبی امداد زندگی اور موت کے درمیان فرق ثابت ہوسکتی ہے۔ورلڈ فرسٹ ایڈ ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میںانہوں نے کہا کہ عوام میں ابتدائی طبی امداد سے متعلق شعور اور بنیادی تربیت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ورلڈ فرسٹ ایڈ ڈے ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ ہنگامی صورتحال میں کوئی شخص خود کو تنہا محسوس نہ کرے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ابتدائی طبی امداد کا مقصد ڈاکٹر یا اسپتال پہنچنے سے پہلے زخمی یا متاثرہ شخص کی حالت کو مزید بگڑنے سے روکنا ہے، حادثات کے دوران گھبراہٹ کے بجائے درست ابتدائی طبی امداد متاثرہ شخص کی حالت سنبھالنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت ہنگامی حالات میں عوام کو بروقت طبی امداد کی فراہمی کے لیے ریسکیو اور ایمبولینس سروسز کو مزید مؤثر بنا رہی ہے۔ ریسکیو 1122 اور دیگر ہنگامی طبی خدمات حادثات اور ہنگامی صورتحال میں فوری امداد کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کا مقصد ہنگامی صورتحال میں عوام کو فوری، مؤثر اور بروقت طبی معاونت کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ اسکولوں، دفاتر، عوامی مقامات اور دیگر اداروں میں ابتدائی طبی امداد کی بنیادی سہولت اور تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ والدین، اساتذہ، نوجوانوں اور عام شہریوں کو ابتدائی طبی امداد کی بنیادی تربیت حاصل کرنی چاہیے تاکہ ضرورت کے وقت دوسروں کی مدد کی جاسکے۔ عوام ہنگامی صورتحال میں غیر ضروری اقدامات سے گریز کرتے ہوئے فوری طور پر متعلقہ ریسکیو اور طبی اداروں سے رابطہ کریں۔سید مراد علی شاہ نے ورلڈ فرسٹ ایڈ ڈے کے موقع پر عوام سے اپیل کی کہ وہ ابتدائی طبی امداد سیکھیں اور ضرورت کے وقت دوسروں کی مدد کے لیے تیار رہیں۔ سندھ حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ اور ہنگامی طبی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں