اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص کے حوالے سے ایوان کا کردار قابل ستائش ہے،تاریخ میں یہ ضرور لکھا جائے گا کہ یہاں سے تمام سیاسی جماعتوں نے یکجا ہو کر بہت اچھا پیغام دیا،مس انفارمیشن کسی کے مفاد میں نہیں، مس انفارمیشں کے حوالے سے وزارت اطلاعات نے فیکٹ چیکر کے نام سے ٹویٹر ہینڈل بنایا۔
جمعہ کو قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہاکہ آپریشن بنیان مرصوص کے حوالے سے اس ایوان کا کردار قابل ستائش ہے، تاریخ میں یہ ضرور لکھا جائے گا کہ یہاں سے تمام سیاسی جماعتوں نے یکجا ہو کر بہت اچھا پیغام دیا۔عطا اللہ تارڑ نے کہاکہ یہاں سے دشمن کو واضح پیغام گیا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ اپوزیشن اور حکومتی اراکین نے ٹی وی چینلز پر پاکستان کا بیانیہ موثر انداز میں پیش کیا، بلاول بھٹو زرداری نے عالمی میڈیا پر پاکستان کی نمائندگی کی اور بیانیہ کے محاذ پر اہم کردار ادا کیا۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ یہ میراض فرض ہے کہ ان کوششوں کو تسلیم کیا جائے، انفارمیشن کے حوالے سے مہم ہر ملک کے اندر چلتی ہے۔ عطاء تار ڑ نے کہاکہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے آنے سے معاملہ مزید گھمبیر ہو گیا ہے،جب تک آرٹیفیشل انٹیلی جنس کو کو زیادہ فروغ نہیں ملا تھا اس وقت تک مس انفارمیشن کا معاملہ اتنا پیچیدہ نہیں تھا۔ عطا اللہ تارڑ نے کہاکہ معزز رکن کو 9 صفحات کا جواب دیا گیا، ورلڈ اکنامک فورم میں عالمی رہنمائوں نے بھی مس انفارمیشن کو بڑا چیلنج قرار دیا۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ مس انفارمیشن کسی کے مفاد میں نہیں، مس انفارمیشں کے حوالے سے وزارت اطلاعات نے فیکٹ چیکر کے نام سے ٹویٹر ہینڈل بنایا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ہم نے رولز میں ترمیم کر کے پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ بنایا، اس ڈیپارٹمنٹ میں جدید سافٹ ویئر کے ذریعے فیک مواد کی نشاندہی کی جاتی ہے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ اس عمل کو مزید بڑھانے کے لئے قومی اتحاد کی ضرورت ہے، پی ٹی وی، پی بی سی، اے پی پی، پی آئی ڈی میں ڈس انفارمیشن کو کائونٹر کرنے کے لئے میکنزم موجود ہے۔





