واشنگٹن(رپورٹنگ آن لائن) برطانیہ کے بادشاہ چارلس نے کہا ہے کہ جو اتحاد نائن الیون کے بعد نظر آیا اس کی آج یوکرین کے دفاع کیلئے ضرورت ہے۔
امریکی گانگریس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ چارلس نے وائٹ ہاؤس پریس ڈنر حملے کی مذمت کی اور کہا کہ تشدد کا یہ عمل کبھی کامیاب نہیں ہوگا، جمہوری ممالک اپنے لوگوں کے تحفظ کیلئے متحد رہیں گے۔
انہوں نے یورپ اور امریکہ کی شراکت داری کو آج پہلے سے کہیں زیادہ اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو اتحاد نائن الیون کے بعد نظر آیا اس کی آج یوکرین کے دفاع کیلئے ضرورت ہے، انہوں نے یوکرین کے دفاع کیلئے غیر متزلزل عزم کی اپیل کی اور کہا کہ یوکرین میں قیام امن کیلئے مغربی اتحاد کا برقرار رہنا ضروری ہے کیونکہ یہ جنگ نیٹو کے عزم کا امتحان لے رہی ہے۔
بادشاہ چارلس کا کہنا تھا کہ برطانیہ اور امریکہ کا اتحاد صرف ماضی کی کامیابیوں پر قائم نہیں رہ سکتا، ماضی کے تمام اختلافات کے باوجود برطانیہ اور امریکہ نے مشترکہ راستے تلاش کیے، برطانیہ اور امریکہ کا اتحاد تاریخ کے عظیم ترین اتحادوں میں سے ایک ہے۔
اس کے علاوہ شاہ چارلس نے ماحولیاتی تحفظ، انسانی ہمدردی اور مذاہب کے احترام کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ موجودہ غیر یقینی دور میں رواداری اور آزادی جیسی جمہوری اقدار کا دفاع زیادہ ضروری ہے۔









