مریم اورنگزیب

یروشلم پوسٹ نے عمران خان کا دوغلاپن بے نقاب کر دیا’ مریم اورنگزیب

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یروشلم پوسٹ نے عمران خان کا دوغلاپن بے نقاب کر دیا ہے،یروشلم پوسٹ نے عمران خان کو ہم خیال شخص قرار دیا، بانی پی ٹی آئی اسرائیل سے معمول کے تعلقات چاہتے تھے۔

اسرائیلی اخبار میں چھپنے والے آرٹیکل پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ یروشلم پوسٹ کی بات آنکھیں کھول دینے والی ہے کیونکہ اس آرٹیکل نے عمران خان کا دوغلاپن اور تضادات کا پہلو بے نقاب کر دیا ہے۔لیگی رہنما بیرسٹر دانیال چودھری نے کہا کہ آج پاکستان کو کمزور کیا جا رہا ہے، ان کے پاس پاکستان کو کمزور کرنے کا ایک ہی طریقہ تھا کہ افواج کو کمزور کرو، یہ افواج پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ہمیشہ ایک سوال پوچھتے رہے ہیں، شہدا ء کے مجسمے جلائے گئے مذاق اڑایا گیا، ایک جتھہ امریکہ میں بیٹھ پر آئی ایم ایف کی عمارت کے باہر بھی احتجاج کر رہا تھا، ان کی کوشش تھی کہ آئی ایم ایف پاکستان سے معاہدہ نہ کرے۔دانیال چودھری نے کہا کہ یہ ہر آنے والے دن میں بے نقاب ہو رہے ہیں، لاہور کے لوگوں نے ان کے ساتھ کھڑے ہونے سے انکار کر دیا، یہ نہ پاکستان کے پہلے خیر خواہ تھے نہ اب ہو سکتے ہیں، پاکستان کے عوام دوبارہ ان کے ساتھ کھڑے نہیں ہوں گے، ایک ٹولے کو انہوں نے گمراہ کیا ہوا ہے۔