محکمہ داخلہ 48

محکمہ داخلہ میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس ،عید الاضحی ،محرم الحرام سے قبل تمام ضروری انتظامات کا جائزہ

لاہور (رپورٹںگ آن لائن)محکمہ داخلہ میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 52 واں اجلاس منعقدہوا جس میں صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس میں شرکت کی۔صوبائی وزراء بلال یاسین کو چیئرمین، چوہدری شافع حسین، بلال اکبر خان اور سید عاشق حسین کرمانی نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے امن و امان کی تازہ صورتحال اور حکومتی کاوشوں بارے بریفنگ دی ۔

کابینہ کمیٹی نے عید الاضحی اور محرم الحرام سے قبل تمام ضروری انتظامات کا جائزہ لیا۔کابینہ کمیٹی نے اٹک اور ڈی جی خان میں رینجرز کی تعیناتی میں توسیع کی منظوری دے دی۔کابینہ کمیٹی نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعیناتیوں کی منظوری دے دی۔کابینہ کمیٹی نے کرکٹ میچز، ضمنی انتخابات، عرس و دیگر اخراجات کی مد میں 650 ملین روپے کی منظوری دے دی۔کابینہ کمیٹی نے کچے کے علاقے میں کامیاب آپریشن کے بعد خصوصی ڈویلپمنٹ پیکج کو سراہا اور مختلف تجاویز پر غور کیا۔صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں امن و امان کی تازہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔

پنجاب بھر میں قیام امن کیلئے قانون نافذ کرنے والے ادارے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔پنجاب میں کالعدم تنظیموں پر قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے پر مکمل پابندی عائد ہے،تمام اضلاع میں عیدالاضحی کے حوالہ سے ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس منعقد کئے جائیں۔قربانی کی کھالیں اکھٹی کرنے کے حوالہ سے رجسٹرڈ تنظیموں کی درخواستیں جلد نمٹانے کی ہدایت کی گئی ہے۔قیام امن کیلئے عیدالاضحی سے قبل مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔صوبائی وزیر و کو چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان بلال یاسین نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ جانوروں کے خریداری مراکز کے داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی ازحد ضروری ہے۔تمام اضلاع کی انتظامیہ کالعدم تنظیموں کی فہرستیں واضح آویزاں کرے،بھتہ مافیا پر مکمل قابو پانے کے کیلئے ضلعی انتظامیہ مستعد رہے۔

صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کہاکہ قیام امن کیلئے تمام متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔نفرت انگیزی و لاؤڈ سپیکر کے غیر قانونی استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔صوبائی وزیر بلال اکبر خان نے کہاکہ عیدالاضحی پر قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کے حوالہ سے کالعدم تنظیموں کی سخت مانیٹرنگ کی جائے اورامن کمیٹیوں کی بہت اہمیت ہے، پنجاب بھر میں امن کمیٹیوں کو متحرک کیا جائے۔صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی کا کہنا تھا کہ مویشی منڈیوں کے تمام انتظامات مثالی بنائے جائیں اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت دیں۔امن و امان کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے بتایاکہ عیدالاضحی پر فول پروف انتظامات کیلئے محکمہ داخلہ کی جاری کردہ گائیڈ لائنز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔تمام اضلاع میں کنٹرول رومز قائم کر کے محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کیا جائے۔

سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سپیشل سیکرٹری فیصل فرید، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ڈی آئی جی سپیشل برانچ و سی ٹی ڈی، ڈی جی پرائس کنٹرول اینڈ فوڈ سیفٹی، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی، ایڈیشنل سیکرٹری جوڈیشل و متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری و ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب، پنجاب بھر سے کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں