لاہور30نومبر(زاہد انجم سے)امیر الدین میڈیکل کالج اور لاہور جنرل ہسپتال کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جو انتہائی تشویشناک امر ہے لہذا اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بر وقت اقدامات کی اشد ضرورت ہے تاکہ لوگوں میں ہیپاٹائٹس اور ایچ پائلوری کی علامات اور ان کے علاج کے حوالے سے زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کی جا سکے اور اس بیماری کی روک تھام کے لیے ممکنہ احتیاطی تدابیر اختیار کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہیلتھ پروفیشنلز اور میڈیکل سٹوڈنٹس قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کا صحت مند ہونا انتہائی ضروری ہے کیونکہ طبی عملے نے ہی مریضوں کا علاج معالجہ کرنا ہوتا ہے لہذا ڈاکٹرز کو علاج کے ساتھ ساتھ ہر ممکن احتیاط اور سال میں دو سے تین مرتبہ اپنی بلڈ سکریننگ ضرور کرانی چاہئے۔
ان خیالات کا اظہار پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے امیر الدین میڈیکل کالج کی بلڈ ڈونیشن سوسائٹی (نبض) کے زیر اہتمام ہیپا ٹائٹس بی، سی اور ایچ پائلوری کی اسکریننگ مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس مہم کا مقصد ان بیماریوں کی جلد تشخیص اور ان سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا۔ صدر ینگ ڈاکٹر ز ایسوسی ایشن ڈاکٹر حسیب تھند، ڈاکٹر مصباح جاوید، ڈاکٹر لیلیٰ شفیق و دیگر ڈاکٹرز جبکہ طلباء میں زیان انصاری، رانا عمر اور رانا عالیان موجود تھے۔
پرنسپل ڈاکٹر الفرید کا مزید کہنا تھا کہ اس بیماری کا پھیلاؤ اس قدر بڑھ چکا ہے کہ اس کی روک تھام کے لیے حکومتی سطح پر مزید اقدامات کی ضرورت ہے اور ہیلتھ کے شعبے میں کام کرنے والے فلاحی اداروں کو بھی عوامی آگاہی کیلئے آگے آنا چاہئے کیونکہ بیماریوں کا پھیلاؤ اس بات کا غماز ہے کہ ہمارے معاشرے میں بیماریوں کی روک تھام کے لیے آگاہی کی کمی ہے جس کو دور کرنا ضروری ہے تاکہ ہم اس بیماری کے پھیلاؤ کو روک سکیں اور ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دے سکیں۔پرنسپل نے طلبہ پر بھی زور دیا کہ وہ شہریوں میں حفظان صحت کے اصولوں بارے شعور اجاگر کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔