اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آج ہم نے ملک گیر احتجاج کی کال دے رکھی ہے، حق گھر بیٹھے نہیں ملتا چھیننا پڑتا ہے، عمران خان پورے ملک کے دورے پرنکلے ہیں، عوام کو اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے باہر نکلنا ہوگا، عمران ریاض اور حلیم عادل شیخ کو اغوا کیا گیا، کبھی مارشل لا کے دوران ایسا نہیں ہوا جو اب ہو رہا ہے۔
فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب پولیس کے ساتھ رینجرز بھی آتی ہے، اسلام آباد میں بچوں اور عورتوں پر شیلنگ کی گئی، سابقہ دورحکومت میں اسحاق ڈار وزیر خزانہ تھے، گورنراسٹیٹ بینک ان کیلئے منی لانڈرنگ کر رہا تھا۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم اورنگزیب اپنے شوہرعلی ترین کے بارے میں بھی ذکرکریں، علی ترین پاکستان میں تمباکو انڈسٹری کی نمائندگی کر رہے ہیں، تمباکو انڈسٹری کو اربوں کی مراعات دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب نے اپنے خاوند کیلئے اربوں کی لابنگ کی، سولرمنصوبہ کی تحقیقات ہونی چاہئیں، پی ٹی آئی نے پاکستان میں کرپشن فری حکومت کی تھی۔









