رانا مشہور احمد خان 9

نوجوانوں کو مثبت انداز میں قومی دھارے میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،رانا مشہور احمد خان

مکو آ نہ (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان مشکل معاشی حالات کے باوجود کاروباری برادری کی مشاورت سے ملکی معیشت کو مستحکم بنانے اور نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 65فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جنہیں مثبت انداز میں قومی دھارے میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔وہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کر رہے تھے۔

رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں چیمبرز آف کامرس کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ حکومت ہر اہم معاشی فیصلے اور پالیسی سازی میں کاروباری برادری اور چیمبرز کو اپنا شراکت دار سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہمیشہ کاروبار دوست پالیسیوں پر عمل پیرا رہی ہے اور آئندہ بجٹ کی تیاری کے دوران بھی وزیراعظم، وزیر خزانہ، وزیر تجارت اور دیگر متعلقہ وزراء نے تاجروں اور صنعتکاروں سے مشاورت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو انتہائی مشکل معاشی حالات ورثے میں ملے، تاہم وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے دن رات محنت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح معیشت کی بحالی اور آئی ایم ایف پروگرام سے جلد از جلد نکلنے کیلئے قابل عمل حکمت عملی تیار کرنا ہے۔

رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے حالیہ بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دے کر دنیا بھر میں پاکستان کا وقار بلند کیا ہے اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی استحکام اور امن ہی معاشی ترقی کی بنیاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ دشمن عناصر نوجوانوں میں مایوسی اور بے یقینی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم حکومت نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، کھیل، آئی ٹی، سائنس و ٹیکنالوجی، آرٹ اینڈ کلچر اور روزگار کے مواقع فراہم کرکے انہیں مثبت سمت میں آگے بڑھا رہی ہے۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے کہا کہ ماضی میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پاکستان کی پہلی جامع یوتھ پالیسی متعارف کروائی، لیپ ٹاپ اسکیم، وظائف، پنجاب ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ، دانش اسکولز، آسان قرضہ اسکیموں اور یوتھ فیسٹیولز جیسے منصوبے شروع کیے جن کے مثبت نتائج سامنے آئے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم، نیشنل انکیوبیشن سینٹرز، نیشنل انوویشن ایوارڈز اور اسٹارٹ اپس کی سرپرستی کے ذریعے نوجوانوں کو کاروبار اور جدت کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

اس سال ملک کے 100 بہترین کاروباری آئیڈیاز کی مالی معاونت کی جا رہی ہے جبکہ ”میڈ اِن پاکستان پرفیکٹ پچز” کے نام سے ایک نیا پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے نوجوان کاروباری افراد کو بڑے صنعتی اداروں سے جوڑا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت صنعت، جامعات اور تحقیقاتی اداروں کے درمیان مؤثر روابط کے فروغ کیلئے ”ٹرپل ہیلکس ماڈل” پر کام کر رہی ہے تاکہ مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت تیار کی جا سکے۔ نیوٹک اور دیگر اداروں کے ذریعے مصنوعی ذہانت (AI) سمیت مستقبل کی ضروری مہارتوں پر مبنی تربیتی پروگرام شروع کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے تحت نئے صنعتی منصوبوں پر عملدرآمد کا آغاز ہو رہا ہے، جس کیلئے ہنر مند افرادی قوت کی تیاری جاری ہے۔ حکومت صنعتوں کی ضروریات کے مطابق نوجوانوں کو وائٹ کالر، بلیو کالر اور گرے کالر شعبوں میں تربیت فراہم کر رہی ہے۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ حکومت نے ”کنٹری آف ڈیسٹینیشن” پروگرام کے تحت جرمنی، جاپان، مشرق وسطیٰ اور دیگر ممالک کی ضروریات کے مطابق زبانوں اور پیشہ ورانہ مہارتوں کی تربیت کا سلسلہ شروع کیا ہے تاکہ پاکستانی نوجوان عالمی منڈی میں بہتر روزگار حاصل کر سکیں۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال تقریباً 9 لاکھ پاکستانی نوجوان بیرون ملک روزگار کیلئے گئے جبکہ رواں سال 21 لاکھ نوجوانوں کو عالمی سطح پر اور 18 لاکھ نوجوانوں کو ملک کے اندر مثبت سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع سے منسلک کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے اپیل کی کہ وہ ”ڈیجیٹل یوتھ ہب” کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک جدید AI پر مبنی پلیٹ فارم ہے جہاں نوجوان اور کمپنیاں اپنی رجسٹریشن کے ذریعے تعلیم، تربیت، ملازمت اور کاروباری مواقع تک براہ راست رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ اب تک 8 لاکھ سے زائد نوجوان اور 2 ہزار سے زیادہ کمپنیاں اس پلیٹ فارم پر رجسٹر ہو چکی ہیں جبکہ ایک لاکھ سے زائد مقامی اور بین الاقوامی ملازمتوں کے مواقع دستیاب ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کاروباری برادری، تعلیمی اداروں اور صنعتوں کے تعاون سے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور پاکستان کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد پاکستان کا تیسرا بڑا شہر اور ٹیکسٹائل برآمدات میں 57 فیصد حصہ رکھنے والا اہم صنعتی مرکز ہے، جہاں 22 ہزار سے زائد ممبران اور 128 کاروباری شعبے چیمبر سے وابستہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیمبر نے نہ صرف کاروباری برادری کے مسائل اجاگر کیے بلکہ شہر کے انفراسٹرکچر، بین الاقوامی پروازوں اور حج فلائٹس کی بحالی سمیت متعدد عوامی و معاشی منصوبوں کیلئے بھی مؤثر کردار ادا کیا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے فیصل آباد میں ترقیاتی منصوبوں اور انفراسٹرکچر کی بہتری کو سراہا۔فاروق یوسف شیخ نے حکومت کی توجہ برآمدات میں کمی، صنعتوں کی بلند پیداواری لاگت، توانائی کی قیمتوں، ریفنڈز کی ادائیگی اورEase of doing business کے مسائل کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد میں متعدد صنعتیں بند یا کم استعداد پر کام کر رہی ہیں، جن کے حل کیلئے فوری اقدامات ضروری ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کا انحصار برآمدات کے فروغ پر ہے، اس لیے حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان موجود Trust deficit ختم کرکے صنعتکاروں کو اعتماد دینا ہوگا۔ انہوں نے ون ونڈو آپریشن، فیس لیس سسٹم اور غیر ضروری سرکاری مداخلت کے خاتمے پر زور دیا۔

صدر چیمبر نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کی جانب سے نوجوانوں کیلئے ڈیجیٹل یوتھ ہب، لیپ ٹاپ اسکیم، کاروباری قرضوں، تربیتی پروگراموں اور انٹرپرینیورشپ اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئندہ بجٹ میں نوجوانوں اور اسٹارٹ اپس کیلئے خصوصی فنڈز اور مراعات مختص کی جائیں تاکہ انہیں قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت کاروباری برادری کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک کاروبار دوست اور ترقی پسند بجٹ پیش کرے گی جو برآمدات، سرمایہ کاری اور روزگار کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا۔

سوال و جواب کی نشست میں سابق صدر انجینئر رضوان اشرف، چوہدری محمد نواز، رانا محمد سکندر اعظم خاں، حاجی محمد عطاء اللہ، عمر فاروق کاہلوں، محمود الٰہی اور صداقت لودھی نے حصہ لیا۔سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں صدر فاروق یوسف شیخ نے رانا مشہود احمد خاں کو چیمبر کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔ چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام نے چیمبر کی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے اور گروپ فوٹو بھی بنوایا۔
٭٭٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں