فیصل کریم کنڈی 52

گورنر خیبرپختونخوا کی اسپین و بیلجیم میں کامیاب سفارتی و فلاحی ملاقاتیں،مختلف امور پر غور

بارسلونا(رپورٹنگ آن لائن) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ دورہ اسپین کے دوران ان کی اہم حکومتی اور سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں ہوئیں جن میں وزیرِ خارجہ اور خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ بھی شامل تھے۔

بارسلونا میں پاک فیڈریشن اسپین کے رہنماؤں ایاز عباسی، پرویز جانی، راجہ مختار سونی، کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید اور پیپلز پارٹی اسپین نے صدر چوہدری اشتیاق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ تباہ کن سیلاب کے باعث انہیں اپنا دورہ اسپین مختصر کرنا پڑا، تاہم اس دوران انہوں نے بتایا کہ ان ملاقاتوں میں موسمیاتی تبدیلی، دو طرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اسپین نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی ہے، جس پر حکومتِ پاکستان اور عوام ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران بھی اسپین نے پاکستان کے موقف کی تائید کی۔انہوں نے کہا کہ برسلز میں بھی عالمی امدادی اداروں سے ملاقاتیں ہوئیں تاکہ سیلاب متاثرین کی جلد اور مکمل بحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ان کے بقول برطانیہ کی فلاحی تنظیم مسلم ہینڈز این جی او سے بھی ملاقات ہوگی تاکہ امدادی سرگرمیوں میں مزید تعاون حاصل کیا جا سکے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمیشہ مشکل وقت میں ملک کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور اس وقت بھی ان سے امید ہے کہ وہ آگے بڑھ کر متاثرین کی مدد کریں گے۔

انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سنے اور یقین دہانی کرائی کہ ان کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بیلجیم اور اسپین کے پاکستانی سفارت خانوں نے ان کے دورے میں بھرپور معاونت فراہم کی۔ انہوںنے کہاکہ خیبرپختونخوا میں سیاحت کے فروغ کے لیے اسپین کے ساتھ تعاون حاصل کیا جا رہا ہے جبکہ دونوں ملک پاکستانی طلباء کے لیے اعلیٰ تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اسپین کے حکام سے پاکستانیوں کی دوہری شہریت کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی ہے اور امید ہے اس سلسلے میں مثبت پیش رفت ہوگی۔ گورنر نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کا مثبت اور نرم تاثر اجاگر کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہے اور اسی مقصد کے تحت انہوں نے گورنر کیتالونیا کو صوبے کے دورے کی دعوت دی ہے۔نئے صوبوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ لسانی یا خواہشات کی بنیاد پر نہیں بلکہ انتظامی بنیادوں پر طے ہونا چاہیے۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے اس بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا کہ کسی بیرونی مدد کی ضرورت نہیں اور سوال اٹھایا کہ کیا صوبے کے پاس تباہ شدہ اضلاع اور ہائی ویز کی بحالی کے لیے وسائل اور صلاحیت موجود ہے؟فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردوں کو جواب دینا مشکل نہیں، اصل مسئلہ یہ ہے کہ وہ عوام کو ڈھال بناتے ہیں۔ بھارت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگ میں شکست کے بعد مودی ابھی تک صدمے میں ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں