کامران ٹیسوری

گورنر انیشیٹیو کے تحت برطانیہ بھر میں مراکز کھولنے کا اعلان

کراچی (رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی پاکستان کے سفیر ہیں، انہیں چاہئے کہ قانون کی پاسداری کریں اور اپنی شناخت کو پاکستان کیلئے باعث فخر بنائیں۔

سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ خبروں کی ترسیل نہ مہذب معاشرہ کی علامت ہے اور نہ ہی اسلام اس کی اجازت دیتا ہے۔ان خیالات کا اظہار گورنر سندھ نے برمنگھم میں اوورسیز پاکستانیوں سے اپنے دوسرے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر گورنر انیشیٹیو کے تحت برطانیہ بھر میں مراکز کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں بسنے والے پاکستانیوں نے وطن عزیز کی ترقی میں بے پناہ خدمات انجام دی ہیں اور میں ان کی خدمت کے لئے ہمیشہ حاضر ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گورنر انیشیٹیو کے تحت گورنر ہائوس گیٹ نمبر 1 پر نصب امید کی گھنٹی کے ذریعہ 24 گھنٹے سندھ کی عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے موجود عملہ بھر پور معاونت فراہم کررہا ہے۔ گورنر سندھ نے اوورسیز پاکستانیوں کے اتحاد اور مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ریکارڈ زرمبادلہ بھیج کر ملکی معیشت کو نئی قوت بخشی۔

برطانیہ میں مقیم پاکستانی اور کشمیری اپنے آبادی وطن کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان نڑاد عام شہری برطانیہ میں اعلیٰ سیاسی منصب تک پہنچے ہیں۔ بس ڈرائیوروں کے بچے برطانوی پارلیمنٹ کے رکن بنے، اور صادق خان جیسے عام شہری نے لگاتار تین بار لندن کے میئر کا منصب حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کی۔خطاب کے اختتام پر، گورنر سندھ نے برمنگھم کی جامع مسجد میں وطن کی خوشحالی اور ترقی کے لئے خصوصی دعائیں بھی کیں۔