عظمی بخاری 44

پنجاب حکومت آزادیِ صحافت کے بنیادی اصولوں پر مکمل یقین رکھتی ہے’عظمی بخاری

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے عالمی یومِ آزادیِ صحافت کے موقع پر تمام میڈیا ورکرز اور صحافتی برادری کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافت اور سیاست کا آپس میں گہرا تعلق ہے اور یہ دونوں جمہوریت کے استحکام کے لیے ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔ اپنے ایک خصوصی بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران موسم کی سختیوں اور نامساعد حالات کا جوانمردی سے مقابلہ کرنے والے میڈیا ورکرز ہی درحقیقت صحافت کے اصل ہیروز ہیں، جن کی خدمات کا اعتراف پوری قوم کرتی ہے۔

عظمی بخاری نے موجودہ دور کے چیلنجز پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے جدید دور میں آزادیِ صحافت اور پروفیشنل جرنلسٹس کے لیے سب سے بڑا مسئلہ فیک نیوزکی صورت میں سامنے آیا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ فیک نیوز کی بھرمار نے نہ صرف معاشرے میں ہیجان پیدا کیا بلکہ اصل اور ذمہ دارانہ صحافت کو بھی ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت آزادیِ صحافت کے بنیادی اصولوں پر مکمل یقین رکھتی ہے اور ایک آزاد و ذمہ دار میڈیا کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔میڈیا ورکرز کی فلاح و بہبود کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت نے پہلی مرتبہ صحافیوں کے لیے تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز جلد ہی صوبے کے 3200 صحافیوں کو ان کی اپنی چھت فراہم کرنے جا رہی ہیں، جو کہ صحافتی تاریخ کا ایک بڑا ریلیف پیکج ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب حکومت نے صحافیوں کی بیٹیوں کے لیے میرج گرانٹ اور صحافیوں کے لیے ہیلتھ گرانٹ کی رقم کو بھی فوری طور پر ڈبل کر دیا ہے۔اپنے بیان کے اختتام پر عظمی بخاری نے اس بات کا اعادہ کیا کہ میڈیا ورکرز کے حقوق کا تحفظ اور ان کی بہبود پنجاب حکومت کی ترجیحات میں سرِ فہرست ہے۔ حکومتِ پنجاب ایسے تمام اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے جس سے صحافتی برادری کو معاشی اور سماجی تحفظ مل سکے، تاکہ وہ کسی بھی دبا کے بغیر اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں