محمد جاوید قصوری 11

گنے کی کرشنگ میں تاخیر کسانوں کے معاشی قتل کے مترادف ہے، جاوید قصوری

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ گنے کی کرشنگ میں تاخیر کے باعث کسانوں کو ناقابلِ تلافی معاشی نقصان پہنچ رہا ہے، جبکہ حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں بری طرح ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ کاشتکار پہلے ہی مہنگی کھاد، بجلی، ڈیزل، زرعی ادویات اور پیداواری اخراجات کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، اب شوگر ملوں کی جانب سے کرشنگ شروع نہ کیے جانے نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ افسوس ناک امر یہ ہے کہ حکومت کسانوں کے حقیقی مسائل حل کرنے کے بجائے انہیں نام نہاد ریلیف پیکجز اور وقتی اعلانات کے ذریعے مطمئن کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ کاشتکار اب کسی حکومتی لالی پاپ میں آنے والے نہیں۔

انہیں اعلانات نہیں بلکہ اپنے مسائل کا عملی اور مستقل حل درکار ہے۔ جب تک کسانوں کو ان کی محنت کا مناسب معاوضہ اور زرعی پیداوار کی بروقت ادائیگی یقینی نہیں بنائی جاتی، اس وقت تک زراعت کا شعبہ ترقی نہیں کر سکتا۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اس شعبے سے وابستہ لاکھوں خاندانوں کا روزگار اسی سے جڑا ہوا ہے۔ اگر کسان معاشی بدحالی کا شکار ہوگا تو اس کے اثرات صرف دیہی معیشت تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ ملکی صنعت، تجارت، غذائی تحفظ اور مجموعی معیشت بھی متاثر ہوگی۔ حکومت کی عدم توجہی کے باعث کسان اپنی فصلیں تیار کرنے کے باوجود مناسب قیمت اور بروقت فروخت کے لیے پریشان ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت گنے کے کاشتکاروں کے مسائل کے حل کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے۔ گنے کی فی من قیمت کم از کم 700 روپے مقرر کی جائے، شوگر ملوں کو پابند بنایا جائے کہ وہ کسانوں کی سابقہ واجب الادا رقوم کی ادائیگی فوری یقینی بنائیں اور بلا تاخیر گنے کی کرشنگ کا آغاز کیا جائے۔

حکومت اس سلسلے میں واضح پالیسی بنائے اور اس پر عمل درآمد کے لیے مؤثر نگرانی کا نظام قائم کرے تاکہ کسانوں کو شوگر مل مالکان کے رحم و کرم پر نہ چھوڑا جائے۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ کسانوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے اور مشکل وقت میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔ اگر حکومت نے فوری طور پر کسانوں کے مسائل حل نہ کیے تو زرعی شعبے کی مشکلات مزید بڑھیں گی۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ زبانی وعدوں اور نمائشی پیکجز سے آگے بڑھ کر کسانوں کو حقیقی ریلیف فراہم کرے، کیونکہ خوشحال کسان ہی مضبوط معیشت اور خود کفیل پاکستان کی ضمانت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں