پشاور (رپورٹنگ آن لائن) خیبرپختونخوا کابینہ میں توسیع، ردوبدل کے حوالے سے گورنر فیصل کریم کنڈی کے دستخط کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا، گورنر نے سمری ملنے کے 9 روز گزرنے کے باوجود دستخط نہیں کیے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ صوبائی کابینہ میں توسیع کی سمری موصول ہو چکی ہے تاہم ابھی اس پر دستخط کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔ دوسری جانب ترجمان کا کہنا ہے کہ گورنر کے پی نے سمری کو تفصیل سے نہیں دیکھا، سمری کو سرسری دیکھ کر دستخط نہیں کیے جا سکتے، تمام آئینی اور قانونی پہلو دیکھ کر ہی دستخط کریں گے۔
سابق ایڈووکیٹ شمائل بٹ نے کہا ہے کہ آئین کے تحت گورنر 15 روز کے اندر سمری پر دستخط یا اعتراض لگا سکتے ہیں، اعتراضات کے بعد دوبارہ بھیجی سمری پر گورنر 10 روز کے اندر دستخط کرنے کے پابند ہوں گے، دوبارہ 10 روز میں بھی دستخط نہ ہونے پر سمری منظور تصور ہو گی۔ واضح رہے کہ سمری میں احتشام علی کو مشیر، پیر مصور غازی کو معاون خصوصی بنانے کی سفارش کی گئی ہے، سہیل آفریدی، نیک محمد اور ہمایوں خان کے نام بھی سمری میں بطور معاونین خصوصی شامل ہیں۔