عبدالعلیم خان 30

10مئی پاکستانی عسکری تاریخ کا یادگار دن، بنیان مرصوص کے ہر ہیرو کو سلام پیش کرتے ہیں

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)معرکہ حق”بنیان مرصوص”کو ایک سال مکمل ہونے پر صدر استحکام پاکستان پارٹی و وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے پاک مسلح افواج، فیلڈ مارشل اور آپریشن میں شریک تمام ہیروز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ 10 مئی پاکستانی عسکری تاریخ کا ایک یادگار دن ہے جب پاک افواج نے جرات، حکمت عملی اور بے مثال پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔عبدالعلیم خان نے پاک فضائیہ، بری فوج اور پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہوا۔

انہوں نے ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کو بھی شاندار قیادت اور پیشہ ورانہ مہارت پر دادِ شجاعت پیش کی۔وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے گھر میں گھس کر جو دھاک بٹھائی، پوری دنیا آج اس کی معترف ہے۔ انہوں نے کہا کہ فضاؤں پر حکمرانی صرف ان شاہینوں کا حق ہے جن کے سینوں پر سبز ہلالی پرچم سجا ہوتا ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاک فضائیہ کے جانبازوں نے دشمن کے جدید رافیل طیاروں سمیت 8 جنگی جہاز گرا کر بھارت کے غرور کو پاش پاش کر دیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال آپریشن”بنیان مرصوص”اور رواں برس پاکستان کی بے مثال سفارتکاری نے قومی تاریخ میں نئی مثالیں قائم کی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وطنِ عزیز کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کیلئے ہر قربانی دینا پاکستانی قوم کی گھٹی میں شامل ہے اور دشمن کو سبق سکھانے کیلئے پوری قوم پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے”پہلگام واقعہ”اور بھارتی فالس فلیگ آپریشن سندورکو عالمی سطح پر بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا جھوٹ، من گھڑت اور بے بنیاد بیانیہ اپنی موت آپ مر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آج بھی اس معاملے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کر رہا ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کے جنگی جنون اور امن مخالف پالیسیوں نے پورے خطے کے امن کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک افواج کے مؤثر اور بھرپور جواب کے بعد بھارت بین الاقوامی ثالثی کی بھیک مانگنے پر مجبور ہوا۔اپنے پیغام کے اختتام پر وفاقی وزیر مواصلات نے وطن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت اور غازیوں کو سلامِ شجاعت پیش کیا۔علاوہ ازیں آپریشن بنیان مرصوص کی پہلی سالگرہ پر استحکام پاکستان پارٹی کے رہنماؤں نے اپنے پیغامات میں جذبہ حب الوطنی اور پاک فوج سے اپنی محبت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10مئی معرکہ حق بنیان مرصوص شجاعت اور بزدلی کے درمیان ایک حد فاصل اور لکیر کی صورت اختیار چکا ہے جو بھارت کے لئے ازلی شکست اور پاکستان کے لئے ازلی فتح و نصرت کی داستان ہے۔

مرکزی جنرل سیکرٹری میاں خالد محمود، مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید صمصام بخاری، صوبائی صدر رانا نذیر احمد خان اورجنرل سیکرٹری و ایم پی اے محمدشعیب صدیقی،ملک زمان نصیب، میاں جنید ذوالفقار، رانا جاوید اقبال، تسکین خاکوانی اور ڈاکٹر جویریہ سہروردی نے اپنے پیغامات میں پاکستانی فوج کی جنگی مہارت اور فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم مینر کی قیادت کو بھر پور خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے پہلی سالگرہ پر پوری قوم کو معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پربھر پور مبارکبادبھی دی ہے۔ اپنے پیغامات میں آئی پی پی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ 10مئی پاکستان کیلئے یوم شجاعت،بھارت کیلئے یوم درگت کے طور پریاد رکھا جائے گا۔

آپریشن بنیان مرصوص عسکری تاریخ میں سنہری باب کے طور پر یاد گار کھا جائیگا۔بھارتی فوج کے فلمی ہیروز کو پاک آرمی کے حقیقی ہیروز نے عبرتناک شکست دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کی زیرقیادت پاکستان مسلسل کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ رہا ہے۔ملکی دفاع کوبنیان مرصوص سے ناقابل تسخیر بنانے پر پاک فوج کو سلام پیش کرتے ہیں، ہر پاکستانی کیلئے 10مئی فخر و اعزاز کا باعث ہے۔
٭٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں