مراد راس

کورونا کیس سامنے آنے پر متعلقہ اسکول فوری بند کر دیں گے، وزیر تعلیم پنجاب

اسلام آباد(ر پورٹنگ آن لائن ) وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ جس اسکول میں کورونا کیس سامنے آیا اسے فوری طور پر بند کر دیا جائے گا۔ جمعہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایک لاکھ 20 ہزار اسکولز ہیں، بعض اسکولوں میں ایس او پیز پر عمل درآمد ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسکولز کے کورونا سے متاثرہ عملہ یا اساتذہ کو حاضری سے گریز کرنا چاہیے، عرصہ بعد تعلیمی ادارے کھلے ہیں، ہم تمام اسکولوں کو بند نہیں کریں گے۔ مراد راس نے کہا کہ پنجاب کے بعض سرکاری تعلیمی اداروں میں حاضری اچھی تھی، اساتذہ اور اسکول انتظامیہ تعلیمی اداروں کو کھولنے کے لیے اصرار کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت ہے کہ اساتذہ اور انتظامیہ ذمہ داری کامظاہرہ کریں۔ وزیر تعلیم پنجاب کا کہنا تھا کہ ایلیٹ اسکولز طلبہ کے والدین بچوں کو بھیجنے پر رضامند نہیں ہیں، اکثر والدین کو اسکولز میں کورونا سے بچا کے انتظامات پر اطمینان نہیں۔