طلال چودھری 15

کوئی کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، تجاوزات کیخلاف کارروائی جاری رہے گی،طلال چوہدری

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کوئی کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، تجاوزات کیخلاف کارروائی جاری رہے گی،مولانا کا غیر قانونی تجاوزات کا دفاع کرنا مناسب نہیں ،تجاوزات کسی کی بھی ہوں، زیروٹالرنس پالیسی اپنائی جائیگی۔

طلال چودھری نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک فائیو سٹار ہوٹل کی غیر قانونی تعمیر کی دیوار بھی گرائی گئی ہے، جبکہ پشاور میں کاروباری شخصیات کی جانب سے قائم غیر قانونی تجاوزات بھی مسمار کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر غیر قانونی قبضے جاری نہیں رہ سکتے، کیا عوام کا راستہ روکنا قانونی ہے؟ ہمارے دین میں راستے کھولنے کی بات کی گئی ہے، انہیں بند کرنے کی نہیں۔طلال چودھری نے کہا کہ کیا کوئی شخص ایک سڑک پر قبضہ کرکے اپنے والد کا نام لکھ دے تو یہ جائز ہو جائے گا؟ کیا سیاست کے زور پر سڑکوں پر قبضہ کیا جا سکتا ہے؟ ریاست نے آپ کو بہت کچھ دیا ہے، لیکن آپ ریاست کو کچھ نہیں دے سکے تو کم از کم غیر قانونی کام ہی چھوڑ دیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی پر ذاتی حملے کیے گئے لیکن ان کے مقف کا جواب نہیں دیا جا سکا، ہم کسی کو ذاتی حملوں کے ذریعے جواب نہیں دیں گے، بعض افراد شہدا کی قربانیوں کا مذاق اڑاتے ہیں اور شہدا کے نام پر مختص پلاٹوں پر قابض ہیں، ریاست نے ایسے لوگوں کو بہت ڈھیل دی، تاہم اب غیر قانونی قبضوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ہر طاقتور اور امیر شخص کی تجاوزات کے خلاف کارروائی کی گئی ہے، پشاور کی اہم شاہراہ پر بھی عوام کا راستہ روکا گیا ہے جسے کھلوانا ضروری ہے۔طلال چوہدری نے کہا کہ اگر کسی نے جذبات میں آکر بیانات دیے ہیں تو اسے اپنی غلطی کا احساس ہونا چاہیے، بڑا آدمی وہی ہوتا ہے جو اپنی غلطی تسلیم کرے اور اس کا احساس کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں