خواجہ سعد رفیق 11

کراچی کی حکومت کیلئے ہرحربہ استعمال کرنیوالے ہمیں طعنے نہیں دے سکتے’خواجہ سعد رفیق کی پیپلزپارٹی پر تنقید

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے پاکستان پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی مقامی حکومت حاصل کرنے کے لیے ہر حربہ استعمال کرنے والے اور ہماری ضمانت پر ایم کیو ایم کے ساتھ کیے گئے وعدوں سے پھرنے والے مسلم لیگ (ن) کو لاہور میں حکومت سازی کے طعنے نہیں دے سکتے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں پیپلز پارٹی نے تقریباً 28فیصد اور مسلم لیگ (ن) نے 22فیصد ووٹ حاصل کیے، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی پی پی نے 10اور مسلم لیگ (ن) نے 6نشستیں جیتیں جبکہ 2آزاد امیدوار مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ تھے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین اچھی طر ح جانتے ہیں کہ اعلیٰ مسلم لیگی قیادت نے الیکشن کے بعد 72گھنٹے کے اندر از خود رابطہ کر کے صدر زرداری اور انہیں پیپلز پارٹی کو گلگت بلتستان اسمبلی میں سنگل لارجسٹ پارٹی تسلیم کرتے ہوئے، حکومت سازی میں حمایت کرنے کا عندیہ دیدیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کا مقصد گلگت بلتستان کو ہارس ٹریڈنگ اور سیاسی سودے بازی سے بچانا تھا، اس کے باوجود پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے مسلم لیگ پر الزام تراشی یا توہین آمیز رویہ اختیار کرنے کا کوئی جواز تھا نہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 15جون کو چند حلقوں میں ہونے والے جزوی انتخابات کروانے کی مکمل ذمہ داری مقامی شکایت کنندگان اور الیکشن کمشن پر ہے، مسلم لیگ (ن) کے ایک حلقے کے نتائج کو بھی چیلنج کیا گیا ہے۔رہنما مسلم لیگ (ن)نے کہا کہ کراچی کی مقامی حکومت حاصل کرنے کے لیے ہر حربہ استعمال کرنے والے اور ہماری ضمانت پر ایم کیو ایم کے ساتھ کیے گئے وعدوں سے پھرنے والے مسلم لیگ (ن) کو لاہور میں حکومت سازی کے طعنے نہیں دے سکتے۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم پاکستان پیپلز پارٹی قیادت کی بہت عزت کرتے ہیں لیکن احترام کی یک طرفہ ٹریفک نہیں چل سکتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں