لاہور 5ستمبر(رپورٹنگ آن لائن)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل کی دور رس اور دانشمندانہ قیادت میں ہسپتال نے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور جدید علاج معالجے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک اہم اور تاریخی فیصلہ کیا اس منصوبے کے تحت آؤٹ ڈور بلڈنگ پر ایک اضافی فلور تعمیر کیا جائے گا جس سے ہسپتال کی گنجائش میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور مریضوں کو مزید معیاری و جدید طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔یہ منصوبہ امریکہ میں مقیم ایک مخیر پاکستانی خاندان کے فراخ دلانہ مالی تعاون سے تقریباً 60 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا.
پروفیسر فاروق افضل نے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اس منصوبے کا باقاعدہ اعلان کیا اور کہا کہ اضافی منزل کی تعمیر سے ہسپتال آنے والے مریضوں کو نمایاں ریلیف ملے گا جبکہ ہسپتال کو جدید طبی آلات اور بنیادی سہولیات سے بھی آراستہ کیا جا سکے گا۔تقریب میں ڈاکٹر امجد ثاقب، پروفیسر خالد مسعود گوندل، پروفیسر مسعود صادق، پروفیسر آصف بشیر، پروفیسر ہما کیانی، پروفیسر طیبہ وسیم، پروفیسر سائرہ افضل، پروفیسر خواجہ عظیم، پروفیسر ارشد چیمہ، پروفیسر شائستہ فاروق، پروفیسر جاویدالرحمن، پروفیسر سعید، پروفیسر خالد محمود، ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین سمیت میڈیکل یونیورسٹیز، کالجز اور ہسپتالوں کے پروفیسرز اور ڈاکٹرز کی کثیر تعداد نے شرکت کی.
پروفیسر فاروق افضل نے مزید بتایا کہ نئے فلور کی تعمیر کے سلسلے میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن،ادارے کے بورڈ اف مینجمنٹ کی منظوری کے بعد متعلقہ محکموں کو ان بورڈ لیا گیا ہے جس کے بعد امریکہ میں مقیم مخیر پاکستانی خاندان نے اس سٹیٹ آف دی آرٹ فلور کی تعمیر کی یقین دہانی کرائی ہے۔ تقریب میں شریک میڈیکل ٹیچرز نے پروفیسر فاروق افضل کی خدمات اور اس تاریخی منصوبے کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔







