سعدیہ جاوید 17

کراچی میں جرائم کی شرح صفر ہونے کا کبھی دعویٰ نہیں کیا، ترجمان سندھ حکومت

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے کہا ہے کہ حکومت نے کبھی یہ دعویٰ نہیں کیا کہ کراچی میں جرائم کی شرح صفر ہوگئی ہے،

تاہم جنوری سے اگست کے دوران شہر میں جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے اور حکومت جرائم کے خاتمے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سعدیہ جاوید نے کہا کہ ستمبر کے ابتدائی دنوں میں کراچی میں جرائم کے واقعات میں کچھ اضافہ ہوا ہے، جس کی روک تھام میں کہیں نہ کہیں پولیس کی کوتاہی بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت جرائم کی روک تھام کے لیے پولیس کے ساتھ مل کر اقدامات کررہی ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے بتایا کہ کلفٹن میں بینک کے باہر شہری کو لوٹنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔سعدیہ جاوید کے مطابق جرائم کی روک تھام اور شہر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے وزیر داخلہ سندھ نے پولیس افسران کا اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں