اویس احمد خان لغاری 17

ڈی جی خان ایئرپورٹ کو انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنانے کا منصوبہ جنوری 2028ء میں مکمل ہوگا، اویس احمد خان لغاری

ڈیرہ غازی خان(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر برائے توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے ڈی جی خان ایئرپورٹ کو بین الاقوامی پروازوں کے لیے اپ گریڈ کرنے کے اعلان پر عملی کام شروع ہو چکا ہے، ساڑھے پانچ ارب روپے کی لاگت سے ایئرپورٹ کا توسیعی منصوبہ جنوری 2028ء میں مکمل کیا جائے گا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیمیں منصوبے پر کام کر رہی ہیں اور ایئرپورٹ کے رن وے کی توسیع سمیت مختلف امور پر پیش رفت جاری ہے۔ڈی جی خان ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری نے رن وے کی توسیع کے کام کا معائنہ کیا اور منصوبے پر جاری پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان ایئرپورٹ کو بین الاقوامی پروازوں کے لیے اپ گریڈ کرنے سے علاقے کے عوام کو سفری سہولیات میسر آئیں گی اور جنوبی پنجاب میں ترقی و خوشحالی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے ڈی جی خان کی ترقی کے لیے چار اہم منصوبوں کا اعلان کیا تھا، جن میں ایئرپورٹ کی توسیع، کینسر ہسپتال کا قیام، سیوریج کا طویل المدتی منصوبہ اور سڑکوں کی توسیع و کشادگی شامل ہیں۔ سیوریج کا منصوبہ آئندہ پچاس سال کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا جا رہا ہے، جبکہ سڑکوں کی بہتری اور کشادگی سے شہریوں کو آمدورفت میں آسانی میسر آئے گی۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے ڈی جی خان میں بنیادی سہولیات بہتر ہوں گی اور علاقے کی ترقی کو فروغ ملے گا۔ ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ طے شدہ منصوبے کے مطابق کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران امریکہ جنگ کے باعث گیس کی فراہمی اور دستیابی سے متعلق پیدا ہونے والی مشکلات بجلی کی پیداواری لاگت پر اثر انداز ہو رہی ہیں، جس کے باعث مہنگے ذرائع سے بجلی کی پیداوار کے مسائل درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی چوری اور لائن لاسز پر قابو پانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی متعارف کروا رہی ہے۔

اس سلسلے میں ملک بھر میں ٹرانسفارمرز پر نصب کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد بجلی چوری کی نشاندہی کرکے متعلقہ علاقوں میں مؤثر کارروائی کرنا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ای پی ایم ایس کے ذریعے بجلی چوری والے مخصوص علاقوں کے ٹرانسفارمرز کی نشاندہی اور ضرورت کے مطابق انہیں بند کیا جا سکے گا، تاکہ بجلی چوری کرنے والے صارفین کے خلاف کارروائی کے نتیجے میں پورے فیڈر کے ہزاروں بجلی صارفین کو متاثر نہ ہونا پڑے۔ اس جدید نظام سے بجلی چوری کی روک تھام، لائن لاسز میں کمی اور بجلی کی تقسیم کے نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔سردار اویس احمد خان لغاری نے واضح کیا کہ تیس فیصد یا اس سے زائد نقصانات والے فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہے گا اور بجلی چوری کرنے والوں یا بجلی کے بل ادا نہ کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کے نظام میں بہتری، نقصانات میں کمی اور صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈی جی خان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے علاقے میں سفری سہولیات، صحت عامہ، نکاسی آب اور سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے میں نمایاں بہتری آئے گی، جبکہ ایئرپورٹ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے سے ڈی جی خان اور جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے ترقی کے نئے راستے کھلیں گے۔

قبل ازیں پراجیکٹ ڈائریکٹر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے وفاقی وزیر کو ائیر پورٹ کے توسیعی منصوبے بارے بریفنگ دی اور انہیں شیلڈ بھی پیش کی۔ وفاقی وزیر نے ائیر پورٹ ایکسٹینشن منصوبے پر شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا بھی لگایا اور دعا کی۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی سردار عمار لغاری، ممبر صوبائی اسمبلی علی یوسف لغاری، سابق ممبران صوبائی اسمبلی سردار یوسف لغاری اور علیم شاہ بھی موجود تھے۔
٭٭٭٭٭

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں