اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کا دورہ کامیاب رہا، سی پیک ٹو پر کام تیزی سے آگے بڑھے گا،چینی باشندوں کی سکیورٹی سے متعلق چینی حکومت کو یقین دہائی کرائی گئی ہے ،بہت جلد چین سے اعلی سطح کا وفد پاکستان آئےگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ چین کے حوالے سے کابینہ کو اعتماد میں لیا اور کہا کہ آپ سب کی کاوشوں سے چین کا دورہ کامیاب رہا۔
وزیراعظم نے دورہ چین کو انتہائی کامیاب اور مفید قرار دیا اور کہا کہ چین کے دورے پر کابینہ کو اعتماد میں لینا چاہتا ہوں، جانے سے پہلے کئی اجلاس ہوئے ہم پوری تیاری سے گئے تھے۔ چین میں سی پیک ٹو منصوبے پر تفصیلی گفتگو ہوئی، بہت جلد چین سے اعلی سطح کا وفد پاکستان آئے گا، اللہ تعالی نے ہمیں موقع دیا ہے کہ چین سے رشتے کو جوڑیں اور مضبوط کریں۔انہوں نے کہا کہ احسن اقبال، اسحاق ڈار، سیکرٹری فنانس اور دیگر نے بہترین کام کیا، کامیاب دورے پر تمام کابینہ اراکین کا شکر گزار ہوں۔وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ دورہ چین میں سکیورٹی سے متعلق معاملات ایجنڈے میں سرفہرست تھے، چینی باشندوں کی سکیورٹی سے متعلق چینی حکومت کو یقین دہائی کرائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی حکومت اور سفیر سے میٹنگ ہوئی، ان کے کچھ خدشات تھے مگر مثبت نوٹ پر اختتام ہوا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شی آن کے دورے پر استقبالیہ دیا گیا، چینی سفیر کی باتوں سے احساس ہوا کہ دورہ بڑا کامیاب اور مفید رہا ہے، میں تمام کابینہ اراکین کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اسے کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ مستقبل میں اس دورے کے اثرات نظر آئیں گے اور پاک چین دوستی مزید مستحکم ہوگی ۔قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کابینہ کو معاشی صورتحال اور بجٹ تیاری پر بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ کابینہ نے نیشنل ساکول آف پبلک پالیسی کے بورڈ آف گورنرز کے نامزد شدہ ارکان کی تعیناتی اور قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کے اسلام آباد سے رکن کی تعیناتی کی منظوری دےدی۔اس کے علاوہ کابینہ اجلاس میں نیب اور سری لنکا کے کرپشن کے خاتمے کے ادارے کے مابین مفاہمتی یادداشت کی منظوری بھی دے دی گئی جبکہ کابینہ کمیٹی برائے ریاستی ملکیتی اداروں کے 13 مئی اور 20 مئی کے اجلاسوں کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی گئی۔ذرائع نے مزید بتایا کہ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 23 مئی، 27 مئی کے فیصلوں اور کابینہ کمیٹی برائے قانونی امور کے 5 جون کے اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔