اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) کے 54ویں یومِ شہادت پر زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید کی قربانی جرات، ایمان اور ایثار کی ایسی شاندار مثال ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پائلٹ آفیسر راشد منہاس نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر یہ ثابت کیا کہ وطنِ عزیز کی خودمختاری اور قومی وقار سب سے مقدم ہیں۔ ان کی عظیم شہادت نے پاکستانی قوم کو یہ پیغام دیا کہ وطن کی حفاظت کے لیے جان کی بازی لگانا سب سے اعلیٰ اعزاز ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ راشد منہاس کی بہادری اور استقامت نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
انہوں نے ہتھیار ڈالنے کے بجائے اپنی جان قربان کر کے ایک لازوال مثال قائم کی جسے تاریخ کبھی فراموش نہیں کرسکے گی۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارلیمنٹ اور پوری قوم اس جری سپوت کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے اور ہمیشہ ان کی یاد کو زندہ رکھے گی۔ راشد منہاس شہید کا نام تاریخ میں وفاداری، بہادری اور حب الوطنی کی علامت کے طور پر سنہری حروف میں لکھا جا چکا ہے۔









