اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف سے سیاسی رہنمائوں پر مشتمل کمیٹی بنانے کا مطالبہ کر دیا۔سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجا ناصر عباس نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اگر دونوں جانب سے سیاسی کمیٹیاں بیٹھیں تو مسائل کا حل نکل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جب بھی مذاکرات کے لیے تیار ہو، ہماری جانب سے دروازے کھلے ہیں۔
انہوںنے کہاکہ ملک کو بحران سے نکالنے کے لیے سنجیدہ اور بامعنی مذاکرات ناگزیر ہیں، وزیراعظم ایک ایسی ٹیم تشکیل دیں جس میں بااختیار اور فیصلہ سازی کرنے والے افراد شامل ہوں تاکہ مسائل کا قابل عمل حل نکالا جا سکے۔ادھر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ رات سے وفاقی سطح پر متعلقہ شخصیات سے رابطے جاری ہیں اور حالیہ واقعات کے حوالے سے اپنا مقف پہنچایا جا چکا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو صورتحال کو مزید کشیدہ کریں، کیونکہ گرفتاریاں حالات کو مزید خراب کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت ہے کہ حالات کو بگڑنے سے روکا جائے۔انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی اسلام آباد پر چڑھائی کا ارادہ نہیں رکھتی بلکہ پارلیمنٹ، سینیٹ اور دیگر فورمز پر آواز اٹھائی گئی لیکن شنوائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ سیاسی چیمپئن بتائیں کہ احتجاج کے علاوہ ان کے پاس اور کیا راستہ رہ جاتا ہے۔









