لاہور ہائی کورٹ

پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ سے برطرفی کا معاملہ ، شعیب نیازی سمیت 6ڈاکٹروں کو دئیے ریلیف میں آئندہ سماعت تک توسیع

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے ہڑتالی ڈاکٹروں کے خلاف حکومتی کارروائی ،پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ سے برطرفی کا معاملے پر صدر ینگ ڈاکٹرز سمیت 6 ڈاکٹروں کو دئیے ریلیف میں آئندہ سماعت تک توسیع کردی ۔

جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی نے صدر وائی ڈی اے ڈاکٹر شعیب نیازی سمیت 6ڈاکٹرز کی درخواست پر سماعت کی ،صدر وائی ڈی اے سمیت دیگر ڈاکٹرز نے برطرفی کے نوٹس کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع کررکھا ہے، پنجاب حکومت کے وکیل نے بتایا کہ لا افسر سعد بن غازی اپنی ایک عزیزہ کے انتقال کے باعث چھٹی پر ہیں .

اس لئے استدعا ہے کہ عدالت جواب جمع کروانے اور بحث کیلئے مہلت دیدے، درخواستگزارڈاکٹروں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ڈاکٹرز نے جائز مطالبات کیلئے احتجاج کیا ، احتجاج کرنا ہر شہری کا حق ہے،حکومت نے مطالبات منظور کرنے کی بجائے برطرفی کے نوٹس بھیج دئیے ، استدعا ہے کہ عدالت درخواستگزار ڈاکٹروں کی برطرفی کے نوٹسز کالعدم قرار دے ۔