ہائیکورٹ 19

پنجاب اسمبلی میں جوڈیشل کمیٹی کا قیام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پنجاب اسمبلی میں قائم جوڈیشل کمیٹی کے قیام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں ثناء افضل ملک نے اپنے وکیل ندیم سرور ایڈووکیٹ کی وساطت سے آئینی درخواست دائر کی ہے، درخواست میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی، سپیکر پنجاب اسمبلی، پنجاب اسمبلی کی جوڈیشل کمیٹی اور دیگر متعلقہ حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار کے مطابق پنجاب اسمبلی کی جوڈیشل کمیٹی اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کرتے ہوئے ایسے اختیارات استعمال کر رہی ہے جو آئین کے تحت صرف عدلیہ کے پاس ہیں۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کمیٹی کی کارروائیاں آئینی اور قانونی حدود سے متصادم ہیں، یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا ہے کہ جوڈیشل کمیٹی کی جانب سے ارکانِ پنجاب اسمبلی کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ بنوانے کے لیے ہدایات جاری کرنا غیر قانونی اقدام ہے، کیونکہ ایسا اختیار نہ تو کمیٹی کو حاصل ہے اور نہ ہی پنجاب اسمبلی کو۔

درخواست گزار نے لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی ہے کہ پنجاب اسمبلی کی جوڈیشل کمیٹی کے قیام کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں