فریال تالپور 16

پمز سانحہ محض حادثہ قرار دے کر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، فریال تالپور

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور نے پمز اسپتال اسلام آباد میں نومولود بچوں کی المناک ہلاکت پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں، خصوصاً جاں بحق ہونے والے نومولود بچوں کی ماؤں سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں فریال تالپور نے کہا کہ ان ماؤں کے غم کا مداوا ممکن نہیں جن کے نومولود بچے زندگی کا سفر شروع ہونے سے پہلے ہی اس المناک سانحے کا شکار ہوگئے۔ پمز اسپتال اسلام آباد کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا ہے، جس نے ہر حساس دل کو غمزدہ کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پمز اسپتال میں پیش آنے والے سانحے کو محض ایک حادثہ قرار دے کر نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر اصل حقائق عوام کے سامنے لائے جانے چاہئیں۔فریال تالپور نے مطالبہ کیا کہ غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کے ذریعے یہ معلوم کیا جائے کہ پمز اسپتال کا نومولود بچوں کا وارڈ کس طرح موت کے جال میں تبدیل ہوگیا اور آتشزدگی کے دوران حفاظتی انتظامات کس حد تک مؤثر تھے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی قسم کی غفلت، لاپروائی یا انتظامی کوتاہی ہوئی ہے تو شفاف اور آزادانہ تحقیقات کے ذریعے اس کا تعین کیا جانا چاہیے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نومولود بچوں کی جانوں کا ضیاع ایک ایسا سانحہ ہے جسے محض رسمی کارروائیوں تک محدود نہیں کیا جانا چاہیے، بلکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اسپتالوں میں مؤثر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں