لاہور26اپریل (زاہد انجم سے)پاکستان کی میڈیکل ہسٹری میں پہلی بار امیرالدین میڈیکل کالج سے فارغ التحصیل ڈاکٹرز جو امریکہ، برطانیہ سمیت مختلف ترقی یافتہ ممالک میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں کی جانب سے 29اپریل کو لاہور جنرل ہسپتال میں شاندار سیمینار ”یو ایس ایم ایل ای اور گلوبل کیریئر راستے” کا انعقاد کیا جا رہا ہے،جبکہ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے سیمینار کو پاکستان کیلئے برین گین کا عنوان دینے کا اعلان کر دیا۔
نیز ڈاکٹر ندیم سجاد راجہ، صدر ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنز آف نادرن یورپ (APPNE)، بطور مہمان خصوصی برطانیہ سے سیمینار میں شریک ہوں گے۔ گزشتہ روز پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفرکی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں بین الاقوامی سیمینار کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایم ایس پروفیسر فریاد حسین کے علاوہ سیمینار کے کوارڈینیٹرمحمد احمد فراز تارڑ اور ڈاکٹر احمد فاروق بھی موجود تھے۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ دنیا بھر میں خدمات سرانجام دینے والے پاکستانی ڈاکٹرز ایک چھت تلے جمع ہو نگے۔
علاوہ ازیں بیرون ملک اور پاکستان کے دور راز شہروں کے ڈاکٹرز کو آن لائن Zoomکیمرے کی مدد سے سیمینار میں شرکت کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ اس شاندار تعلیمی و تحقیقی سیمینار میں سینئر ڈاکٹر اپنے پیشہ وارانہ سفر (میڈیکل جرنی) اور تجربات کی روشنی میں شرکاء کو میڈیکل میں ہونیوالی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، سرجیکل پروسیجرز اور سکلز کے بارے میں لیکچرز دیں گے اور اس میڈیکل جرنی میں پیش آنے والی مشکلات سے بھی آگاہ کریں گے۔
پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی میڈیکل تاریخ میں اپنی نوعیت کے پہلے بین الاقوامی سیمینار کو کامیاب بنانے کیلئے پی جی ایم آئی /اے ایم سی /ایل جی ایچ کے تمام ڈاکٹرز ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کریں گے اور اس سیمینار کو بھرپور طریقے سے کامیاب بنایا جائے گا تاکہ بین الاقوامی میڈیکل سطح پر میڈیکل پروفیشن میں امیر الدین میڈیکل کالج اور پاکستان کا نام شنہری حروف سے لکھا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سیمینار نوجوان ڈاکٹرز کیلئے ایک بہت سنگ میل ہے۔ اس کو عبور کرنے کا اعزاز امیر الدین میڈیکل کالج کو حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیمینار اس بات کی عکاسی کرے گا کہ بین الاقوامی سطح پر تربیت یافتہ ڈاکٹرز کس طرح پاکستان میں ترسیلات زر، مہارت، ٹیکنالوجی اور عالمی نمائندگی کے ذریعے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔