فاروق افضل 17

مریضوں کا بہترین علاج اور معیاری نگہداشت کو یقینی بنانا ہی صحت کے نظام کی بنیاد: پرنسپل جنرل ہسپتال

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ مریضوں کی بہتر نگہداشت اور معیاری علاج ایک موثر اور فعال ہیلتھ کیئر سسٹم کی بنیاد ہے۔ اس لیے نرسز کو عصرِ حاضر کے جدید تقاضوں اور طبی مہارتوں سے ہم آہنگ رہنے کے لیے مزید محنت اور پیشہ ورانہ لگن سے آگے بڑھنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی ایم ایس نرسنگ ڈاکٹر سندس طاہر اور قائم مقام ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ صائمہ فتح (ڈی سی این ایس) جنرل ہسپتال سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔

پروفیسر فاروق افضل نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف مریضوں کو ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے انقلابی اقدامات کر رہی ہیں انہوں نے مزید کہا کہ نرسز کسی بھی ہیلتھ کیئر سسٹم میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں لہٰذا ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مہارت میں مزید اضافے کے لیے مسلسل تربیتی ورکشاپس کا انعقاد یقینی بنایا جائے ملاقات کے دوران ڈی ایم ایس ڈاکٹر سندس طاہر نے پرنسپل کو ہسپتال میں قائم ڈے کیئر سینٹر کے امور اور کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جبکہ ڈی سی این ایس نے نرسنگ سٹاف کی روزمرہ ورکنگ، ڈیوٹی روزسٹرز اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

پرنسپل پروفیسر فاروق افضل نے نرسنگ انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی کہ نرسز کے تمام دفتری و انتظامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ وہ بغیر کسی ذہنی دباؤ کے اپنے فرائض سرانجام دے سکیں۔

پروفیسر فاروق افضل نے مزید کہا کہ نرسز دکھی انسانیت کی خدمت کی ایک روشن مثال ہیں جو دن رات مریضوں کی تیمارداری اور ان کی تکالیف کو کم کرنے میں مصروفِ عمل رہتی ہیں۔ ان کا شعبہ محض ایک پیشہ نہیں بلکہ عبادت کا درجہ رکھتا ہے۔ نرسز کا مریضوں کے ساتھ ہمدردانہ رویہ اور حسنِ اخلاق آدھے علاج کے برابر ہوتا ہے، جس سے مریض میں جلد صحتیاب ہونے کی امید پیدا ہوتی ہے انتظامیہ نرسز کو بہترین ورکنگ انوائرمنٹ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی تاکہ وہ مزید جذبے اور لگن کے ساتھ انسانیت کی خدمت کا سفر جاری رکھ سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں