اشرف بھٹی 10

پاکستان کو تقسیم ،محاذ آرائی نہیں قومی اتحاد کی ضرور ت ہے ،میثاق پاکستان کیا جائے ، اشرف بھٹی

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پاکستان کو موجودہ حالات میں تقسیم اور محاذ آرائی کی بجائے قومی اتحاد، اتفاق رائے اور یکجہتی کی ضرورت ہے، ملک کو درپیش معاشی اور سیاسی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں اور قومی اداروں کو مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہوگا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ ملک میں نئے میثاق پاکستان کی طرف پیشرفت کی جائے جس میں قومی ترجیحات، جمہوری استحکام، معاشی ترقی اور اداروں کے آئینی کردار کے حوالے سے واضح اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔

اشرف بھٹی نے کہا کہ نئے میثاق کی دستاویز کو محض سیاسی جماعتوں کے درمیان معاہدے تک محدود رکھنے کی بجائے پارلیمنٹ سے باقاعدہ توثیق کرائی جائے تاکہ اسے قومی اتفاق رائے اور آئینی حمایت حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات جمہوری عمل کا حصہ ہیں لیکن انہیں قومی ترقی اور ملکی مفادات پر حاوی نہیں ہونا چاہیے،سیاست اپنی جگہ، پاکستان کا مفاد سب سے پہلے ہونا چاہیے ، تمام سیاسی قوتوں کو ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر پاکستان کے مستقبل، معاشی استحکام اور عوام کی خوشحالی کے لیے مل بیٹھنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں