واشنگٹن (رپورٹنگ آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ میں میں پاکستان کا بہت احترام کرتا ہوں، پاکستان کے فیلڈ مارشل اور وزیراعظم بہت اچھے اور قابل احترام ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں نے 8 جنگیں رکوائیں جن میں پاکستان اور بھارت کی جنگ بھی شامل ہے، پاکستان اور بھارت کی جنگ جوہری جنگ کی طرف جا رہی تھی، جنگ کے دوران 11 جہاز گرائے گئے، پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ میں نے لاکھوں لوگوں کی جانیں بچائیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران جنگ جلد ختم ہو جائے گی اور ہم فاتح ہوں گے، ایران بات کرنا چاہتا ہے تو وہ ہمیں فون کر سکتا ہے، ہم یہ کام فون کے ذریعے کریں گے، ایران میں جن لوگوں سے ہم نمٹ رہے ہیں ان میں کچھ مناسب ہیں اور کچھ نہیں، امید ہے کہ ایران دانشمندی کا مظاہرہ کرے گا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران کا افزودہ یورینیم کا معاملہ مذاکرات کا حصہ ہے، ہم اسے حاصل کریں گے، چین سے زیادہ مایوس نہیں ہوں تاہم وہ مزید مدد کر سکتا ہے۔
نیٹو کے حوالے سے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے معاملے میں نیٹو ہمارے ساتھ نہیں تھا، جب جنگ ختم ہوگئی تو برطانیہ نے کہا کہ وہ جہاز بھیجے گا، یہ اچھا نہیں ہے۔
دوسری جانب امریکی میڈیا کو انٹریو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وائٹ ہاؤس پریس ڈنر کے دوران پیش آئے فائرنگ کے واقعے کا ملزم مسیحیت مخالف نظریات کا حامل تھا اور اس کے دل میں بہت نفرت تھی، آپ اس کا منشور پڑھیں وہ مسیحیوں سے نفرت کرتا ہے۔








