پاکستان پیپلز پارٹی

پاکستان پیپلز پارٹی کی نجی ٹی چینل 24 کی بندش کی مذمت

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی نے نجی ٹی چینل 24 کی بندش کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی سلیکٹیڈ حکومت میڈیا بھی سلیکٹیڈ چاہتی ہے،جو میڈیا انکی مرضی کے مطابق نہیں چلتا یا تو اس کو بند کردیا جاتا ہے،

جو عمران خان سے اختلاف کرے، اس کی آواز دبادی جائے، کیا یہ ہے نیا پاکستان؟عمران خان سے اختلاف کرنے والے اینکرز کے پروگرامز بند کرائے گئے، چینل مالکان پر دباوڈالا گیا،عمران خان اگر اختلاف برداشت نہیں کرسکتے تو کرسی چھوڑدیں۔ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے چینل 24 کی بندش کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پیمرا فوری طور پر چینل ٹوئنٹی فور کی بندش کا فیصلہ واپس لے۔

انہوں نے کہا کہ چینل ٹوئنٹی فور کی بندش سے جو ہزاروں ملازمین بے روزگار ہوں گے، ان کا مستقبل کیا ہوگا،عمران خان نوکری دینے کے وعدے سے آئے تھے اور جب سے حکومت ملی مسلسل روزگار چھین رہے ہیں،میڈیا کا گلا گھونٹنے سے عمران خان سچ کو نہیں چھپاسکتے، آج ملک کا بچہ بچہ جانتا ہے کہ حکومت نااہل ہے،چینل ٹوئنٹی فور کا موقف سنے بغیر بندش کا فیصلہ کہیں ناپسندیدہ خبروں کا ردعمل تو نہیں۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ تحریک انصاف کی سلیکٹیڈ حکومت میڈیا بھی سلیکٹیڈ چاہتی ہے،جو میڈیا انکی مرضی کے مطابق نہیں چلتا یا تو اس کو بند کردیا جاتا ہے یا ان کے مالکان کو جیلوں میں ڈال دیا جاتا ہے، پیمرا حکومت کو خوش کرنے کی بجائے قواعد کے مطابق کام کرے،پیمرا کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات اٹھنا شروع ہوگئے ہیں،پیمرا سلیکٹیڈ ایکشن لے رہا ہے،پیمرا کی جانب سے حکومت کے من پسند چینلز کی تمام بے ضابطگیوں کو نظرانداز کیا جا رہا ہے،

آزاد اور حق سچ کی بات کرنے والے چینلز کے خلاف سلیکٹیڈ رولز کے تحت کارروائی کی جاتی ہے،پیمرا ایک خاتون سیاستدان کے خلاف اینکر کی جانب سے استعمال کئے گئے الفاظ پر خاموش رہا،24 نیوز نے تحریک انصاف کے دعووں سے پردہ اٹھایا تو اسکا لائسنس معطل کردیا گیا،24 فور نیوز کے خلاف پیمرا کا ایکشن بدنیتی پر مبنی ہے،پیمرا کے قواعد کے برعکس فیصلوں کی مذمت کرتے ہیں،

پیپلزپارٹی آزاد میڈیا کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی،تحریک انصاف کی سلیکٹیڈ حکومت نے اقتدار میں آتے ہی میڈیا کی آواز دبانے کی کوشش کرتی رہی ہے،میڈیا کے لئے تحریک انصاف کا دور بدترین دور ہے، اقتدار میں بیٹھے لوگ نہ بھولیں کہ انہیں میڈیا نے کتنا سپورٹ کیا تھا۔