کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیر بلدیات سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت ” آئیے پاکستان کا جھنڈا لہرائیں” مہم کا آغاز کردیا ہے۔
شہر بھر میں ہر مقام پر، اپنے گھروں پر، اپنی گاڑیوں پر، اپنی دکانوں پر حتی کہ ہر ایسی جگہ پر جہاں پاکستان کا جھنڈا لہرایا اور لگایا جاسکتا ہے ہم وہ جھنڈا لہرانے جارہے ہیں۔ اپنے جاری ویڈیو پیغام میں سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن نے شہر بھر میں ” آئیے پاکستان کا جھنڈا لہرائیں” سلسلہ کا آغاز کردیا ہے۔
آج رات سے شہر بھر میں تمام گھروں، دکانوں، گاڑیوں، گلی کوچوں اور عمارتوں پر پاکستانی پرچم لہرانے کا سلسلہ کا آغاز کررہے ہیں” انہوں نے کہا کہ بھارت نے اس وقت ملک میں جنگی جنون پیدا کیا ہوا ہے۔ بھارت نے پاکستان پر حملہ کرکے ہمارے بے گناہ شہریوں کو شہید کیا ہے۔ ساتھ ہی بھارت نے اپنے ملک میں جھوٹی خبروں کو پھیلانے کا بھی سلسلہ شروع کیا ہوا ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ بھارت پاکستان اور پاکستانیوں کے متعلق غلط خبریں پھیلا کر دنیا کو گمراہ کرنے کا سلسلہ بھی شروع کیا ہوا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ ہمیں اپنی پاک فوج، پاک ائیر فورس پر فخر ہے کہ انہوں نے بھارت کے طیارے گرا کر ان کے غرور کو خاک میں ملایا ہے اور اس وقت پوری قوم میں اتحاد اور یکجہتی بہت زبردست ہے اور اس کی ضرورت بھی ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے ایک سلسلہ شروع کرنے جارہے ہیں کہ شہر بھر میں ہر مقام پر، اپنے گھروں پر، اپنی گاڑیوں پر، اپنی دکانوں پر حتی کہ ہر ایسی جگہ پر جہاں پاکستان کا جھنڈا لہرایا اور لگایا جاسکتا ہے ہم وہ جھنڈا لہرانے جارہے ہیں۔ اس لئے میری تمام شہریوں سے، پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور عہدیداروں سے گزارش ہے کہ فوری طور پر رات سے ہی پاکستان کا جھنڈا ہر مقام پر لہرائیں۔ ہم نے اس مہم اور سلسلہ کا نام “آئیے پاکستان کا جھنڈا لہرائیں” رکھا ہے۔