طاہر محمود اشرفی 12

پاکستان علماء کونسل اور انٹرنیشنل تعظیمِ حرمین شریفین کونسل کی حوثیوں کے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل حملے کی شدید مذمت

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان علماء کونسل اور انٹرنیشنل تعظیمِ حرمین شریفین کونسل نے مملکتِ سعودی عرب پر حوثی گروہ کی جانب سے کیے گئے بیلسٹک میزائل حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کے خلاف ایک ناقابلِ قبول جارحیت قرار دیا ہے۔

منگل کو پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور انٹرنیشنل تعظیمِ حرمین شریفین کونسل کے سیکرٹری جنرل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی جانب سے جاری بیان میں دونوں تنظیموں نے سعودی مسلح افواج کو حملے کو بروقت اور کامیابی کے ساتھ ناکام بنانے پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ کامیابی مملکتِ سعودی عرب کے مضبوط، مؤثر اور جدید دفاعی نظام کا واضح ثبوت ہے۔

بیان میں حوثیوں پر زور دیا گیا کہ وہ فوری طور پر ارضِ حرمین شریفین، مملکتِ سعودی عرب، کے خلاف ہر قسم کی جارحیت اور دشمنانہ کارروائیاں بند کریں اور ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کریں جس سے حرمین شریفین کے تقدس، مملکت کی سلامتی، امن اور استحکام کو خطرات لاحق ہوں۔

پاکستان علماء کونسل اور انٹرنیشنل تعظیمِ حرمین شریفین کونسل نے اپنے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مملکتِ سعودی عرب کے دفاع، سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے تحفظ کے لیے سعودی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور بھرپور تعاون کا اظہار کرتی ہیں۔بیان میں واضح کیا گیا کہ مملکتِ سعودی عرب کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت ناقابلِ قبول ہے اور دونوں تنظیمیں خطے میں امن، استحکام اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے سعودی عرب کی تمام کوششوں کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں