شعیب ملک

پاکستان سپر لیگ کو ابھی مزید بہتر کرنا ہے، شعیب ملک

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل راؤنڈر اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ پی ایس ایل کو ابھی ہم نے مزید بہتر کرنا ہے اور اس حوالے سے دیکھنا چاہیے کہ کیسے کرنا ہے۔

سابق کپتان شعیب ملک کا لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تھنک ٹینک کا کام پلان کرنا ہے، کوشش ہے کہ جو غلطیاں پہلے ہوئی ہیں ان پر قابو پائیں اور اچھا کریں، ہمارا کام یہ ہے کہ جب موقع ملے تو ہم اچھا کریں۔انہوں نے کہا کہ میرے معاہدے میں لکھا ہوا ہے کہ کھیل سکتا ہوں تو اسی کے مطابق کھیل رہا ہوں۔ کوشش یہی ہوتی ہے کہ اگر مینٹور ہوں تو وہ رول ادا کروں،میرے بارے میں کرکٹرز آواز اٹھاتے ہیں کہ ان کرکٹرز کے بارے میں کیوں آواز نہیں اٹھاتے جو پی ایس ایل نہیں کھیل رہے باہر بیٹھے ہیں؟

کچھ کرکٹرز میرے ساتھ بہت پیار کرتے ہیں، میں ان سے زیادہ کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کو ابھی ہم نے مزید بہتر کرنا ہے اور اس حوالے سے دیکھنا چاہیے کہ کیسے کرنا ہے۔ میں ابھی اچھے انداز سے کرکٹ کھیل سکتا ہوں اور میرا فٹنس لیول بھی مقابلے کا ہے۔شعیب نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ دس سال مکمل ہونے کے بعد اب چئیرمین اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر فیصلہ کریں گے اور اسے زیادہ متاثر کن بنائیں گے۔انکا کہنا تھا کہ ٹیموں کی فیس کم ہونی چاہیے پلئیرز کو زیادہ فیس ملنا چاہیے، مجھے یقین ہے کہ اب اس حوالے سے اچھا پلان کیا جائے گا۔