اعظم نذیرتارڑ 13

پاکستان بچوں کو ہر قسم کے تشدد سے محفوظ رکھنے کے عالمی عزم پر قائم ہے، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے بچوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے پاکستان کے عالمی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر بچے کو ہر ماحول میں ہر قسم کے تشدد سے محفوظ بنانے کے لیے مؤثر اقدامات اور عملی منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔بدھ کو منیلا، فلپائن میں بچوں کے خلاف تشدد کے خاتمے سے متعلق دوسری عالمی وزارتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا آئین خاندان، ماں اور بچے کے تحفظ کا ضامن ہے اور پانچ سے سولہ سال کی عمر کے ہر بچے کو مفت اور لازمی تعلیم فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بوگوٹا کانفرنس میں پاکستان نے بچوں کو ہر قسم کے تشدد سے محفوظ رکھنے کا جو عہد کیا تھا، آج منیلا میں اس عزم کو ٹھوس عملی اقدامات اور واضح لائحہ عمل کے ساتھ مزید آگے بڑھایا جا رہا ہے۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کانفرنس کے شرکاء کو آگاہ کیا کہ گزشتہ ماہ پاکستان نے بچوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے اپنی پہلی قومی حکمتِ عملی (2026ـ2031) کا آغاز کیا ہے، جبکہ اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری چائلڈ پروٹیکشن پالیسی بھی مرتب کی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس حکمتِ عملی پر مؤثر عملدرآمد کے لیے جامع ایکشن پلان، سالانہ ورک پلانز اور وفاقی وزارتوں، صوبوں اور دیگر علاقوں کی واضح ذمہ داریوں کا تعین کیا جا رہا ہے۔ملک میں بچوں کے تحفظ کے نظام کی توسیع پر روشنی ڈالتے ہوئے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ پہلی عالمی کانفرنس کے وقت پاکستان میں 42 چائلڈ پروٹیکشن یونٹس قائم تھے، جن کا دائرہ کار اب 81 اضلاع تک پھیلا دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہدف ہے کہ 2030 تک بچوں کے تحفظ کے مؤثر نظام کو 100 اضلاع تک وسعت دی جائے۔ یہ نظام ٹیکنالوجی کے ذریعے ہونے والے تشدد سمیت ہر قسم کے استحصال سے نمٹنے کے لیے مربوط اور کثیر شعبہ جاتی طریقہ کار اپنائے گا، جبکہ بہتر ڈیٹا اور احتساب کے نظام کو بھی مزید مستحکم بنایا جائے گا۔وفاقی وزیر نے مثبت والدین کی تربیت، غیر متشدد نظم و ضبط اور بچوں کے خلاف تشدد کو بڑھاوا دینے والے سماجی و صنفی رویوں کی اصلاح پر زور دیا۔ اس سلسلے میں پاکستان نے ”آرٹ آف پیرنٹنگ” کے نام سے ایک تربیتی رہنما کتاب تیار کی ہے، جس کے تحت ملک بھر میں ماسٹر ٹرینرز خاندانوں اور تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

قانونی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران اسلام آباد، پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں شادی کی کم از کم عمر 18 سال مقرر کرنے کے لیے نئی قانون سازی کی گئی ہے۔ مزید برآں، جسمانی سزا اور آن لائن جنسی استحصال کے خلاف موجود قوانین کو مزید سخت بنانے اور ان پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔وفاقی وزیر نے کانفرنس کے دوران حکومتِ فلپائن کی مہمان نوازی اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور یونیسف کی بچوں کے تحفظ و فلاح و بہبود کو عالمی ایجنڈے میں مرکزی حیثیت دینے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچوں کے خلاف تشدد کا خاتمہ کسی ایک ملک کی انفرادی کوششوں سے ممکن نہیں، اس مقصد کے حصول کے لیے عالمی تعاون، باہمی تجربات کے تبادلے اور مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں