اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجا نے پارٹی میں اتحاد و اتفاق کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کے اندر مکمل طور پر اتفاق اور نظم و ضبط ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ موجود ہیں، پارٹی بالکل متحد ہے جس کسی کی خواہش ہے پارٹی کے اندر انتشار پیدا ہو وہ ناکام ہوگا۔اس موقع پر لطیف کھوسہ نے سلمان اکرم راجا کی بات پر ردعمل دیتے ہوئے مسکراتے ہوئے کہا کہ یہ میرے برخوردارہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات بے بنیاد اور سیاسی بنیادوں پر قائم کیے گئے ہیں، ان مقدمات میں رات کی تاریکی میں بند دروازوں کے پیچھے سزائیں سنائی گئیں، عدالت سے درخواست ہے دن کی روشنی میں کھلی عدالت میں ہمارا موقف سنا جائے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ استغاثہ کے اپنے مقدمے کے مطابق فردِ جرم میں بھی بانی پر ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام نہیں لگایا گیا، بانی کل بھی بیگناہ تھے اور آج بھی بیگناہ ہیں، وہ اور ان کی اہلیہ ناحق جیل میں ہیں۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین بھی تسلیم کر رہے ہیں کہ بانی ایک سیاسی قیدی ہیں۔









