کراچی(نمائندہ خصوصی)وزیر توانائی، ترقیات و منصوبہ بندی سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پارلیمان جمہوریت کی مضبوط بنیاد اور پاکستان کی کروڑوں عوام کی حقیقی آواز ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے پارلیمان کے 78 سال مکمل ہونے پر قوم اور تمام رکن پارلیمنٹ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کیا۔ وزیر توانائی نے کہا کہ 78 سال قبل وجود میں آنے والا یہ ادارہ عوام کے حقوق اور آئین کا ضامن ہے، جس نے ملک کی سیاسی، سماجی اور آئینی تاریخ میں اہم کردار ادا کیا۔ ناصر حسین شاہ نے پارلیمان کی مضبوطی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے تاریخی کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو سے بلاول بھٹو زرداری تک پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پارلیمان کی بالادستی اور جمہوریت کی بقا کے لیے جدوجہد کی ہے۔
صوبائی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جمہوریت کے استحکام اور عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سفر پارلیمان اور پیپلز پارٹی کی قیادت کی رہنمائی میں جاری ہے۔دریں اثنا وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ نے ڈاکٹر رتھ فائو کی آٹھویں برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر رتھ فائو انسانیت سے بے لوث محبت اور قربانی کی علامت تھیں انہوں نے نصف صدی سے زائد عرصہ پاکستان میں جذام کے خاتمے کے لیے خدمات انجام دیں اور اپنی انتھک محنت سے پاکستان کو دنیا کے ان چند ممالک میں شامل کرایا جہاں جذام پر مکمل طور پر قابو پایا جا چکا ہے۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ڈاکٹر رتھ فائو کا قائم کردہ ادارہ “مار ی کولونی” اور دیگر منصوبے جذام فری پاکستان کے خواب کو حقیقت بنا چکے ہیں۔ ان کی انتھک محنت، عزم اور خدمت کی بدولت ہزاروں افراد صحت مند زندگی گزار رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت سندھ ڈاکٹر رتھ فا کے مشن کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور صحت کے شعبے میں عوام کو بہتر اور جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ڈاکٹر رتھ فائو کی ناقابلِ فراموش خدمات پر ہمیشہ فخر کرے گا اور ان کی زندگی آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔









