92

ٹریکٹر سازی کی پالیسی میں متعلقہ شراکتداروں سے مشاورت کو یقینی بنایا جائیگا ،ہارون اختر خان

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ ٹریکٹر پالیسی کی تیاری میں تمام متعلقہ شراکتداروں سے مشاورت یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کو یہاں ملت ٹریکٹرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے ملاقات میں کہی جس میں جامع ٹریکٹر پالیسی کی تیاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران ریگولیٹری ڈیوٹیز، برآمدات اور ٹریکٹر انڈسٹری کو درپیش مسائل پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وڑن کے تحت حال ہی میں تیار کی گئی صنعتی پالیسی کے بعد اب ٹریکٹر پالیسی اگلا قدم ہوگا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پالیسی سازی کے عمل میں تمام سٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے گا تاکہ پالیسی جامع اور مؤثر ہو۔ٹر یکٹر انڈسٹری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ یہ کسانوں اور پاکستان کی زرعی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ یہ پالیسی سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اور عالمی معیار کے مطابق تیار کی جائے گی، ٹریکٹر انڈسٹری کے مسائل کا پائیدار حل صرف طویل مدتی پالیسی فریم ورک میں مضمر ہے۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستان نئے صنعتی انقلاب کی جانب بڑھ رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں