ٹرمپ 19

ٹرمپ کی قومی سلامتی ٹیم سے ملاقات، ایران کو جلد فیصلہ کرنے کا انتباہ

واشنگٹن (رپورٹنگ آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ایک بار پھر سخت نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کے پاس فیصلہ کرنے کے لیے وقت بہت کم رہ گیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ ایران کے لیے وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے، انہیں فوری طور پر آگے بڑھنا ہوگا، ورنہ ان کے لیے کچھ بھی باقی نہیں بچے گا، وقت انتہائی اہم ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ ایران نے جلد معاہدہ نہ کیا تو اسے بہت بُرے حالات کا سامنا کرنا پڑے گا، ایران کے حق میں یہی بہتر ہے کہ وہ ہم سے معاہدہ کرلے۔ معاہدے میں ہی اس کا فائدہ ہے، بصورت دیگر ایران بہت بُرے وقت سے گزرے گا۔

علاوہ ازیں سی این این کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قومی سلامتی ٹیم سے اہم ملاقات کی، جس میں ایران جنگ سے متعلق آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں نائب صدر،وزیرخارجہ اور سی آئی اے کے ڈائریکٹر سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

رپورٹ کےمطابق صدرٹرمپ کی یہ ملاقات ورجینیا میں واقع گالف کلب میں دورۂ چین سے واپسی پر ہوئی، جبکہ وہ رواں ہفتے قومی سلامتی ٹیم کے ساتھ دوبارہ ملاقات بھی کریں گے۔

ذرائع کاکہنا ہےکہ اگر حملوں کا فیصلہ کیا گیا تو پینٹاگون نے مختلف عسکری منصوبے پہلے ہی تیار کر رکھے ہیں، ایران کے توانائی اور بنیادی ڈھانچے پر محدود حملوں کا آپشن بھی زیر غور ہے۔

اس سے پہلے امریکی صدر ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر نام لیے بغیر ایران کے لیے دھمکی آمیز پیغام بھی جاری کیا، کیپشن میں “طوفان سے پہلے کی خاموشی” لکھا تھا۔

تصویر میں ٹرمپ کو امریکی فوجی افسر کے ہمراہ بحری جہاز میں سوار دکھایا گیا ، پس منظر میں ایرانی پرچم والی ایک فوجی کشتی بھی دکھائی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں