روس 9

روس کے جوہری دفاع نظام کا بحری حصہ مزید طاقتور بن رہا ہے، پوتن

ماسکو (رپورٹنگ آن لائن) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ روسی بحریہ مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور ملک کے جوہری دفاعی نظام (نیوکلیئر ٹرائیڈ) کا بحری حصہ مزید مضبوط ہو رہا ہے۔

یومِ بحریہ کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں صدر پوتن نے کہا کہ روسی بحریہ کی جنگی صلاحیت میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے، جبکہ جدید جنگی جہازوں اور خصوصی بحری جہازوں کی سیریل بنیادوں پر تعمیر جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ روسی بحریہ مسلسل ترقی کر رہی ہے، جبکہ روس کے جوہری دفاعی نظام کا بحری جزو مزید طاقتور بن رہا ہے، آبدوزوں، سطحی جنگی جہازوں، ساحلی دفاعی یونٹس اور بحری فضائیہ کو جدید ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان سے مسلسل لیس کیا جا رہا ہے۔

صدر پوتن نے کہا کہ روسی بحریہ کے اہلکار آج بھی اپنی تاریخی روایات کو نہ صرف برقرار رکھے ہوئے ہیں بلکہ انہیں مزید مضبوط بنا رہے ہیں، روس کی سرحدیں 13 سمندروں سے ملتی ہیں، اس کے لیے بحریہ قومی دفاع، سلامتی اور سمندروں میں ملک کے جائز مفادات کے تحفظ میں انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے۔

روسی صدر کے مطابق روسی بحریہ اپنے سپرد تمام ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، جبکہ بحری اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ روسی بحریہ کے اہلکار تربیتی مراکز کے ساتھ ساتھ حقیقی جنگی حالات میں بھی تجربہ حاصل کر رہے ہیں، جس کی بدولت وہ بدلتی ہوئی اسٹریٹجک اور عسکری صورتحال کے مطابق فوری طور پر خود کو ڈھالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں