باقر قالیباف 15

ٹرمپ ایران کے بجائے اپنے ملک میں غذائی قلت کے مسائل پر توجہ دیں، قالیباف

تہران (رپورٹنگ آن لائن) ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر اور چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کی غذائی صورتحال سے متعلق حالیہ بیان پر سخت ردعمل دیا ہے۔

ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے ایک بار پھر یہ دعویٰ دہرایا کہ مستقبل میں اگر ایران کے ساتھ کوئی امن معاہدہ ہوتا ہے تو ایران اپنی زرعی ضروریات کے لیے امریکہ سے خوراک خریدے گا، تاہم ایران اس دعوے کی پہلے ہی تردید کر چکا ہے۔

ٹرمپ نے کہاکہ انہیں خوراک کی ضرورت ہے، انہیں مکئی، گندم اور سویا بین چاہیے، اور یہ سب صرف ہمارے امریکی کسان فراہم کریں گے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں محمد باقر قالیباف نے ٹرمپ کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ ذرا تصور کریں، آپ کے اپنے ملک کے چار کروڑ سے زائد شہری فوڈ اسٹیمپس پر گزارا کر رہے ہوں، اور آپ کسی دوسرے ملک کو بھوکا قرار دے رہے ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کوئی حقیقت پر مبنی اعلان نہیں، بلکہ اپنی ہی صورتحال کا عکس ہے، اپنی سنیپ سکیم کے مشورے اپنے پاس رکھیں۔

باقر قالیباف نے کہا کہ ہمارے وسائل ہمارے اپنے ہیں، ہمارے فیصلے بھی ہمارے اپنے ہیں، بہتر ہوگا کہ آپ اپنے ملک میں غذائی قلت کے مسائل پر توجہ دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں