وفاقی حکومت

وفاقی بجٹ میں چھوٹی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس بڑھانے کی تجویز مسترد

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی بجٹ 2025ـ26 میں چھوٹی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس بڑھانے کی تجویز مسترد کر دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے چھوٹی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس 18 فیصد کرنے کی سفارش دی تھی، تاہم آٹو موبیل پالیسی 2021ـ26 کے تحت اس تجویز کو منظور نہیں کیا گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ نئے وفاقی بجٹ میں چھوٹی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس بڑھانے کی تجویز مسترد کر دی گئی۔ ایف بی آر کی جانب سے 850 سی سی تک کی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس بڑھانے کی تجویز تھی۔ چھوٹی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس 12.5 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے کی تجویز تھی۔ذرائع کے مطابق آٹو موبیل پالیسی 2021ـ26 میں چھوٹی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس کی شرح 12.5 فیصد مقررہے۔

ایف بی آر 850 سی سی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس بڑھانے کا مجاز نہیں، آٹو موبیل پالیسی کے تحت چھوٹی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس بڑھانے کی شرح مسترد کی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے آٹھویں شیڈول کی انٹری نمبر 72 کو ختم نہیں کر سکے گا، مقامی طور تیار یا اسمبل شدہ گاڑیوں پر رعایتی سیلز ٹیکس رجیم برقرار رہے گی۔