وزیراعظم

وزیراعظم کی کچلاک میں پولیس کی گاڑی پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح اپنی سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے،دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوئٹہ کے علاقے کچلاک میں پولیس کی گاڑی پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں وزیراعظم نے شہداء کے لواحقین کے لیے صبرو جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کے ذمہ دار دہشتگردوں کو جلد از جلد قرار واقعی سزائیں دی جائیں، پوری قوم دہشتگردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح ہماری سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے،دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔