گلین فلپس 14

نیوزی لینڈ بمقابلہ بھارت، گلین فلپس نے دنیائے کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی

آکلینڈ(رپورٹنگ آن لائن)نیوزی لینڈ کے جارح مزاج بیٹر گلین فلپس نے بھارت کے خلاف 5 میچز کی ٹی 20 سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیائے کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی۔گلین فلپس نے سیریز کے 5 میچز میں مجموعی طور پر 341 رنز اسکور کیے اور دو اہم ریکارڈ اپنے نام کر لیے، وہ ٹی 20 سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹر بن گئے ہیں۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ انگلینڈ کے فل سالٹ کے پاس تھا، جنہوں نے 2023ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 5 میچز کی سیریز میں 331 رنز بنائے تھے۔گلین فلپس نے سیریز کے دوران 1 سنچری اور 3 نصف سنچریاں اسکور کیں، انہوں نے 185.33 کے اسٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کی۔ان کی یادگار اننگز میں آکلینڈ میں کھیلی گئی 49 گیندوں پر 107 رنز کی دھواں دار اننگز بھی شامل ہے جس کی بدولت نیوزی لینڈ نے بھارت کو 87 رنز سے شکست دی تھی۔

اس کے علاوہ گلین فلپس نے سیریز کے آخری میچ میں ناقابلِ شکست 65 رنز بنا کر نیوزی لینڈ کی فتح میں بھی اہم کردار ادا کیا، لیکن اس کامیابی کے باوجود بھی بھارت 5 میچز کی سیریز 2ـ3 سے اپنے نام کرنے میں کامیاب رہا۔اْنہوں نے اس سیریز میں ایک اور اہم اعزاز بھی حاصل کیا، وہ 2026ء میں بھارت کے خلاف ٹی 20 مقابلوں میں مجموعی طور پر 522 رنز بنا چکے ہیں، جو کہ ایک سال میں کسی ایک حریف کے خلاف سب سے زیادہ رنز بنانے کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں